تحریک انصاف کسی کے ریموٹ کنٹرول سے نہیں چلتی، پرویز خٹک

2023 کے انتخابات میں سندھ سمیت کلین سویپ کریں گے، مہنگائی میں عوام کو جلد ریلیف دیں گے، پی ٹی آئی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ نوشہرہ میں گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 15 جنوری 2022 20:45

تحریک انصاف کسی کے ریموٹ کنٹرول سے نہیں چلتی، پرویز خٹک
نوشہرہ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جنوری 2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اور وزیردفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کسی کے ریموٹ کنٹرول سے نہیں چلتی، 2023 کے انتخابات میں سندھ سمیت کلین سویپ کریں گے، مہنگائی میں عوام کو جلد ریلیف دیں گے، پی ٹی آئی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ انہوں نے نوشہرہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کسی کے ریموٹ کنٹرول سے نہیں چلتی، حکومت عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوئی ہے۔

پرویز خٹک2023 کے انتخابات میں سندھ سمیت کلین سویپ کریں گے، تحریک انصاف کی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، خیبرپختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مخلص کارکنان کو پارٹی ٹکٹ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کرپشن کیخلاف جدوجہد میں مصروف ہیں، منی بجٹ بھاری اکثریت سے منظور کرایا، مہنگائی سےعوام کو جلد ریلیف ملنے والا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے گزشتہ روز پارلیمانی اجلاس میں وزیردفاع پرویز خٹک نے اجلاس میں وزیراعظم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا تھا کہ آپ کو وزیراعظم ہم نے بنایا لیکن خیبرپختونخواہ میں گیس پر پابندی ہے، گیس پیدا بھی ہم کرتے ہیں اور گیس کے بحران کی وجہ سے پِس بھی ہم رہے ہیں،آپ کا رویہ یہی رہا تو ووٹ نہیں دے سکیں گے۔ جس پر وزیراعظم عمران خان نے پرویز خٹک کو جواب دیا کہ آپ مجھ سے مطمئن نہیں تو حکومت کسی اورکودے دیتا ہوں،حکومت کو عوام کی مشکلات کا اندازہ ہے، منی بجٹ میں اضافی ٹیکس نہیں لگائیں گے جس کا عوام پر بوجھ نہیں پڑے گا۔

جیو نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ پرویز خٹک مجھے بلیک میل مت کرو، ووٹ نہیں دینا تو نہ دو، مجھے کوئی بلیک میل نہیں کرسکتا، میرے کوئی کارخانے نہیں، میں ملک کی جنگ لڑ رہا ہوں، میر اکوئی ذاتی مفاد نہیں، میری جنگ ملکی مفاد کیلئے ہے، انہوں نے کہا کہ ہم گیس کی قلت کو ختم کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آپ نے مجھے سب کے سامنے بلیک میل کیا ہے، اگر اسی طرح کی بلیک میلنگ کی گئی تو آپ اپوزیشن کو کہہ دیں وہ آکر حکومت کرلیں۔

میری کوئی جائیداد بھی نہیں ہے اور میں ہر روز آئی ایم ایف سے کہہ رہا ہوں ٹیکس کم کریں۔ بعدازاں وزیردفاع پرویز خٹک نے کہا کہ وزیراعظم اور مجھ سے متعلق بےبنیاد خبریں چلائی گئیں، میں وزیر اعظم کے خلاف کبھی نہیں جاسکتا، عمران خان ہمارے لیڈر ہیں ان کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا، صرف گیس اسکیموں کی بات کی تھی۔ 

نوشہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں