سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا گیس کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ

پیر 4 دسمبر 2023 23:03

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2023ء) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرفواد اسحق نے اوگرا کی جانب سے ٹیکسٹائل سمیت صوبہ خیبر پختونخوا کی صنعتوں کیلئے گیس کی قیمتوں میں بلینڈڈ گیس پالیسی کے تحت فی ایم ایم بی ٹی یو قیمت 3176 روپے کرنے پر مطالبہ کیا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے خیبر پختونخوا ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین کامران شاہ نے سرحد چیمبر میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔

سرحد چیمبر کے صدر فواد اسحق نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں صنعتوں کی بندش کا عمل روکا جائے اور دہشت گردی سے متاثرہ صوبے خیبر پختونخوا کی صنعتوں کوسستے نرخوں پر بجلی اور گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا نیٹ ایکسپورٹر ہونے کے ساتھ ساتھ گیس اور بجلی اپنی ضرورت سے زیادہ پیدا کرتا ہے لیکن 13 سال کے دوران خیبر پختونخوا کو ایک بھی نیا انڈسٹریل کنکشن نہیں دیا گیا بلکہ اس کے برعکس صوبہ پنجاب کو انڈسٹریل کنکشن فراہم کئے گئے ہیں۔

انہو ں نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی گیس کی کل پیداوار 550ایم ایم سی ایف ڈی ہے جبکہ استعمال صرف 200 ایم ایم سی ایف ڈی ہے یعنی 350 ایم ایم سی ایف ڈی گیس خیبر پختونخوا اضافی پیدا کر رہا ہے اس لئے بلینڈڈ گیس پالیسی کے نفاذ پر تشویش ہے۔ خیبر پختونخوا ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین کامران شاہ نے بتایا ہے کہ ٹیکسٹائل انڈسٹریز صرف 10 ایم ایم سی ایف ڈی گیس استعمال کرتی ہے جہاں پر گیس کی پیداوار اضافی ہے اور استعمال بھی کم ہے اس کے باوجود ٹیکسٹائل سیکٹر کے ساتھ ناروا اور امتیازی سلوک ہے۔

بزنس مین فورم کے لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلور نے پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ کاروباری طبقہ کا کام صرف اپنے مسائل کو حکومت کے سامنے لانا ہے اور ہر سطح پر انہیں حل کرانے کی کوشش کرنا ہے۔سینیٹر الیاس احمد بلور نے حکومت سے کہا کہ دہشت گردی سے متاثرہ خیبر پختونخوا کو اس کے آئینی حقوق دیئے جائیں۔ سرحد چیمبر کے صدر فواد اسحق نے کہا کہ بزنس کمیونٹی اتفاق و اتحاد اور رواداری پر یقین رکھتی ہے اور تمام مسائل کو ٹیبل ٹاک کے ذریعے حل کرنے کی خواہاں ہے۔

سرحد چیمبر کے صدرفواد اسحق نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ حکومت گیس کی قیمتوں پر فوری نظرثانی کرتے ہوئے کاروبار ٗ صنعت اور تجارت کوبچانے کیلئے بلینڈڈ گیس کی پالیسی اور RLNG ریٹ کے تحت گیس کی فراہمی پر نظرثانی کرکے اس مسئلے کے حل کیلئے فوری اقدامات اٹھائے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں