25 جولائی کا سورج پیپلز پارٹی کی کامیابی کی نوید بن کر طلوع ہو گا، گل احمد مروت

پاکستان پیپلز پارٹی ملک کے متوسط طبقے کی سیاسی جماعت ہے، پاکستان کو خوشحال ملک بنانے کے لئے عوام 25 جولائی کو تیر پر مہر لگائیں

اتوار 22 جولائی 2018 20:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما گل احمد مروت نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کے متوسط طبقے کی سیاسی جماعت ہے، ملک بھر میں پیپلز پارٹی ہوا چل پڑی ہے، عوام بلاول بھٹو کو ملک کا وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں، پاکستان کو خوشحال ملک بنانے کے لئے عوام 25 جولائی کو تیر پر مہر لگائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر کالونی میں انتخابی جلسے سے اپنے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت بلاول بھٹو کوخیبرپختونخوا اور پنجاب میں الیکشن مہم چلانے سے روکا گیا جس کا واضح مقصد ایک سیاسی جماعت کو زبردستی عوام پر مسلط کرنا ہے، ایک سیاسی جماعت کو عوام پر مسلط کرنے سے ملک میں جمہوریت کمزور ہوگی،پیپلز پارٹی کے جیالے سربکف ہوجائیں، 25 جولائی کوجیالے پیپلز پارٹی کے نامزد امیدواروں کے حق میں ووٹ کاسٹ کرنے کے لئے عوام کو قائل کریں، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی گالم گلوچ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، ہماری سیاست شائستگی پر مبنی ہے جبکہ ہمارے مقابلہ ملک کے مسائل سے ہے، پیپلز پارٹی برسراقتدار آکر ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا اور مزدوروں اور کسانوں کی خوشحالی ہماری ترجیحات میں شامل ہے، خواتین کی تعلیم پر بھرپور توجہ دے کر ملک کو تعلیم یافتہ مائیں دینا بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ پیپلز پارٹی کو سوچی سمجھی سازش کے تحت دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے جس کے نتائج خطرناک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر دور میں پیپلز پارٹی کے خلاف ہر دور میں سازشیں ہوئی ہیں، جس کا پیپلز پارٹی کے جیالوں نے بھرپور جواب دیا ہے، پیپلز پارٹی کے جیالے اپنے قائدین پر مر مٹنے کے لئے ہر وقت تیار رہتے ہیں، اگر ہمارے قائدین کے خلاف کوئی سازش ہوئی تو پاکستان کی کوئی طاقت ہمیں سڑکوں پر نکلنے سے نہیں روک سکے گا۔

نہ تو ہم جیلوں سے ڈرتے ہیں اور نہ ہی موت سے۔پاکستان پیپلز پارٹی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، بلاشبہ آنے والا دور پاکستان پیپلز پارٹی کا ہے ، پاکستان پیپلز پارٹی ملک بھر میں کلین سویپ کرے گی،کوئی مائی کا لعل بلاول کو وزیراعظم بننے سے نہیں روک سکتا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں