ڈونرز کانفرنس میں پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے آواز اٹھائی گئی ، صو بائی مشیرخزانہ

بدھ 17 اپریل 2024 20:46

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے ڈونرز کانفرنس میں نہ صرف اپنے صوبے کے معاشی حالات دنیا کے سامنے پیش کر د یئے بلکہ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے بھی آواز اٹھائی۔ ان خیالات کا اظہار مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے ضم شدہ علاقوں اور سرحدی اضلاع کی مستقبل میں سرمایہ کاری سے متعلق خیبرپختونخوا حکومت اور اہم ترقیاتی شراکت داروں کے درمیان ایک اعلیٰ سطح کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

محکمہ پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ کی جانب سے منعقدہ سرمایہ کاری کانفرنس میں دنیا کے بڑے اداروں، ورلڈ بینک، ایشین ڈویلپمنٹ بینک، یورپی یونین اور یوایس ایڈ سمیت متعدد اداروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

مزمل اسلم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو اے ڈی بی، ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف جیسے اداروں کی ضرورت ہے ،مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا پیغام بھی کانفرنس کے شرکاء کو پہنچایا۔

مزمل اسلم نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں اس وقت 31 فعال منصوبے ہیں جن کے لیے 459 ارب روپے پہلے ہی تقسیم کیے جا چکے ہیں جبکہ 919 ارب روپے مستقبل قریب میں تقسیم کئے جانے کے عمل میں ہیں اور 79 منصوبے مکمل ہیں جن پر 177 ارب روپے خرچ کیے گئے ہیں۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ بی آر ٹی اور سوات موٹروے جیسے چند بڑے منصوبے پارٹنرز کے تعاون سے بنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 30 بلین امریکی ڈالر کی ترسیلات زر میں خیبرپختونخوا کا 40 فیصد سے زیادہ حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پاکستان آئل کا 42% پیدا کرتا ہے اور ضم شدہ علاقے مختلف قدرتی وسائل سے مالا مال ہیں، جن میں دھاتی اور صنعتی معدنیات سے لے کر قیمتی پتھر اور کوئلہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت ایک اور شعبہ ہے جو کے پی میں خوشحالی لا سکتا ہے اور سری لنکا نے صرف پچھلی ایک سہ ماہی میں سیاحت میں ایک بلین ڈالر کمائے ہیں۔

مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو ان شعبوں میں گرانٹس اور سرمایہ کاری کی تلاش ہے۔ مشیر خزانہ نے کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری امتیاز حسین شاہ کو خصوصی مبارکباد دی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں