انسانی وسائل کی ترقی ،ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کے منازل طے کرنے کیلئے ہمیں علم پر استوار معیشت کو فروغ دینا ہوگا ،امان اللہ خان یاسین زئی

نئی نسل کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرکے ہی ہم ترقی یافتہ اور خوشحال قوم بنانے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرسکتے ہیں،گورنر بلوچستان

پیر 15 جولائی 2019 23:51

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2019ء) گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ انسانی وسائل کی ترقی اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کے منازل طے کرنے کیلئے ہمیں علم پر استوار معیشت کو فروغ دینا ہوگا کیونکہ نئی نسل کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرکے ہی ہم ترقی یافتہ اور خوشحال قوم بنانے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرسکتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کے روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں وزیراعظم پاکستان کے پروگرام نالج اکانومی ٹاسک فورس کے وائس چیئرمین ڈاکٹر عطاء الرحمن سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ دنیا بڑی تیزی سے اپنی کروٹیں بدل رہی ہے۔ پل پل بدلتی دنیا سے ہم قدم ہونے کیلئے ضروری ہے کہ نالج اکانومی کی بنیاد پر اعلیٰ تعلیم کو استوار کیا جائے۔

(جاری ہے)

گورنر نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور جدید ٹیکنالوجی ہی عصر حاضر میں قوموں کی پائیدار ترقی و خوشحالی کی ضامن ہیں۔ اس ضمن میں سرکاری اداروں میں ٹیکنالوجی متعارف کرانے سے نہ صرف اداروں کی کار کردگی میں اضافہ ہوگا بلکہ درپیش قومی مشکلات کا پائیدار حل ڈھونڈنے میں بھی رہنمائی ملے گی۔

ڈاکٹر عطاء الرحمن نے گورنر بلوچستان کو ملک کے تمام صوبوںمیں آر ٹیفیشل انٹیلی جنس اور جدید ٹیکنالوجی کے حوالے سے نئے مراکز قائم کرنے کے آئندہ کے لائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا جس کو گورنر بلوچستان نے سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کا یقین بھی دلایا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں