راجن پور ، دس روز کے دوران گندم اور آٹا کی غیر قانونی ترسیل پر 59 گاڑیاں بند، 25 افراد گرفتار

منگل 11 اپریل 2023 21:10

راجن پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2023ء) ڈویژن ڈی جی خان میں گندم اور آٹا کی غیر قانونی ترسیل روکنے کیلئے سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔دس روز کے دوران گندم اور آٹا کی غیر قانونی ترسیل پر 59 گاڑیاں بند،22 مقدمات درج کر کے 25 افراد گرفتار کئے گئے 1632 میٹرک ٹن گندم اور 25 میٹرک ٹن آٹا ضبط کیا گیا ہے۔ انٹر ڈسٹرکٹ اور بین الصوبائی 20 پوسٹوں پر عملہ تعینات اور کیمرے نصب کرکے 24 گھنٹے آن لائن مانیٹرنگ کی جائے گی۔

پکڑی گئی گندم اور آٹا بحق سرکار ضبط ہوگا اور گاڑیاں بند کردی جائیں گی۔کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے احکامات جاری کردئیے۔ اجلاس میں رمضان پیکج کے تحت آٹا کی تقسیم،گندم خریداری مہم،پرائس کنٹرول،انسداد ڈینگی اور دیگر معاملات کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

کمشنر نے بین الصوبائی چیک پوسٹوں کی سرگرمیوں کو اپنے آفس میں بیٹھ کر آن لائن چیک کیا۔

انہوں نے کہا کہ گندم اور آٹا کی غیر قانونی ترسیل کیلئے گاڑی دینے والے مالکان اور اڈا منیجرز کے خلاف بھی مقدمات ہوں گے۔کاشتکار اپنی ضرورت کی 25 من گندم رکھ سکیں گے۔زیادہ گندم ذخیرہ اندوزی میں شامل ہوگی۔کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ ڈی جی خان ڈویژن کے مستحق خاندانوں میں رمضان پیکج کے تحت آٹا کے 48 لاکھ سے زائد بیگز تقسیم کئے جاچکے ہیں۔

چاروں اضلاع سے سات لاکھ تین ہزار میٹرک ٹن گندم خریدنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کیلئے 44 خریداری مراکز قائم کئے گئے ہیں۔گندم خریداری مراکز اور چیک پوسٹوں کی موثر نگرانی کیلئے پرفارما تیار کیا گیا ہے۔اس موقع پر چاروں ڈپٹی کمشنرز مہر شاہد زمان،خالد پرویز،ڈاکٹر منصور بلوچ،محمد سلمان لودھی،ایڈیشنل کمشنر کریم بخش،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز رضوان نذیر،محمد اسد چانڈیہ،ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر توصیف طاہر،ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر عبدالرحمن،ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ ایوب بخاری،اسسٹنٹ کمشنرز محمد عامر جلبانی،حیات اختر،ڈی او انڈسٹریز اصغر صدیقی،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت غلام محمد بزدار،ای اے ڈی اے اطہر جلیل اور دیگر افسران موجود تھے۔

راجن پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں