مقبوضہ کشمیر میں عید کے روز نمازیوں پر تشدد قابل مذمت ہے، سردار مسعودخان

بھارت کے جبر و تشدد کے ہتھکنڈے جذبہ آزادی کو سرد نہیں کر سکتے ،پاچھیوٹ، سنگھولہ، پکھڑ، بنجونسہ اور دیگر علاقوں کے عوام کے مسائل ترجیح بنیاد وں پر حل کیے جائیں گے،صدر آزاد کشمیر کی سرکٹ ہائوس میں وفود سے گفتگو

جمعہ 24 اگست 2018 17:50

راولا کوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اگست2018ء) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے مقبوضہ کشمیر میں عید کے اجتماعات میں نمازیوں پر گولیاں برسانے اور آنسو گیس پھینکنے کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ریاستی دہشتگردی سے کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی تحریک کو کبھی نہیں دبا سکتا ہے ۔ جمعہ کے روز ایک بیان اور راولاکوٹ سرکٹ ہائوس میں مختلف عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے صدر سردار مسعودخان نے کہا کہ سرینگر کی مرکزی عید گاہ اور مقبوضہ وادی کے دیگر علاقوں میں عید کے اجتماعات میں جمع نمازیوں پر جبر و تشدد نے بھارت کے سیکولر ازم اور مذہبی آزادی کے دعوئوں کی قلعی کھول دی ہے ۔

بھارتی قابض افواج کے ان اقدامات کو شرمناک قرار دیتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے عید الاضحی کا مقدس مذہبی تہوار بھارتی فوج کی پر تشدد کارروائیوں کے باعث دہشت اور خوف کے ماحول میں منایا ۔

(جاری ہے)

سردار مسعود خان نے جموں ریجن کے ضلع کشتواڑ میں حریت پسند عوام کی جانب سے تمام تر پابندیوں کے باوجود گھروں سے نکل کر آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف پر جوش مظاہرے کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے تمام تر جبر و تشدد کے حربے ناکام ہونگے اور مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام اپنی منزل مراد ضرورحاصل کرینگے ۔

صدر سردار مسعود خان نے سرینگر میں اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ کرنے والے اساتذہ پر وحشیانہ تشدد کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔ عوامی وفود کی جانب سے پیش کیے گئے مقامی مسائل پر تبصرہ کرتے ہوئے صدر نے کہاکہ آزادکشمیرمیں صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کی تعمیر حکومت کی ترجیحات ہیں ۔ پسماندہ اور دور دراز علاقوں کے عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا۔

صدر آزاد کشمیر سے ملاقات کرنے والوں میں یونین کونسل پاچھیوٹ کے چیئرمین سردار آزاد، اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے طلباء کا وفد، سردار وقاص کی قیادت میں میں یونین کونسل دو تھان کے وفد، سردار اویس کی قیادت میں مسلم لیگ ن بنجونسہ کے وفد، ن لیگ حلقہ تین کے صدر سردار جہانگیر، ن لیگ سنگھولہ کے رہنما سردار نذیر اعوان ، ہورنہ میرہ کے وفد سردار جاوید منور، ن لیگ حلقہ چار کے رہنماء سردار عاشق، گڈز ٹرانسپورٹ کے وفد محمد اختر و دیگر شامل تھے ۔

وفود نے صدر ریاست کو اپنے علاقوں کے مسائل اور عوامی مطالبات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ آزاد پتن لینڈ سلائیڈنگ سے عوام علاقہ شدید مشکلات سے دوچار ہیں جبکہ کہوٹہ اور آزاد پتن کے درمیان پبلک ٹرانسپورٹ پر سفر کرنے والوں کو لوٹنے کی وارداتوں سے راولاکوٹ اور راولپنڈی کے درمیان سفر کرنے والے مسافر شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں ۔ وفود نے صدر ریاست سے راولاکوٹ گوئیں نالہ پر فرسٹ ایڈ پوسٹ یا موبائل ہیلتھ یونٹ قائم کرنے کا مطالبہ کیا جس پر صدر نیDHOپونچھ کوہدایت جاری کی کہ وہ اس کی فزیبلٹی رپورٹ بنا کر جلد پیش کریں ۔

کراس ایل او سی تجارت سے منسلک تاجروں کے وفد نے صدر سردار مسعود خان کو کسٹم حکام کی جانب سے رکاوٹوں سے آگاہ کیا ۔ صدر نے تاجروں کے وفد کو یقین دلایا کہ وہ اس مسئلہ پر چیف سیکرٹری اور دیگر متعلقہ حکام سے بات کرینگے ۔ صدر نے کھائی گلہ ، تولی پیر روڈ کی کشادگی اور بہتری کے مطالبہ پر حکومت اور متعلقہ ذمہ داران مل کر حل کروانے کی یقین دہانی کروائی ۔ وفود نے صدر سے داتوت کالج کو ڈگری کا درجہ دینے اور ہورنہ میرہ سڑک کی تعمیر میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

راولا کوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں