ایل اوسی پربھارتی جارحیت جاری، شہری علاقوں پرگولہ باری سے متعدد مکانات تباہ

بھارتی جنگی جنون کے جواب میں پاک فوج بھی منہ توڑ کارروائیاں کررہی ہے ، ذرائع

جمعرات 28 فروری 2019 19:05

ایل اوسی پربھارتی جارحیت جاری، شہری علاقوں پرگولہ باری سے متعدد مکانات تباہ
راولا کوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2019ء) پاک فوج کی جانب سے کرارا جواب ملنے کے بعد بھی بھارتی فوج کا جنگی جنون ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا ،لائن آف کنٹرول پر سول آبادی کو بھاری توپخانے سے نشانہ بنانا شروع کر دیا جس کی وجہ سے متعدد مکانات تباہ ہوگئے ہیں۔جمعرات کو میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج نے راولاکوٹ کے بٹل سیکٹر کے علاقوں میں سول آبادی پرشدید گولہ باری کرتے ہوئے متعدد مکانات کو تباہ کیا ، رہائشی زخمی ہوئے۔

صبح 3 بجے بٹل، منڈہول، چھتروٹہ، سلوئی، جھاوڑہ، بائیں، ککوٹہ کی سول آبادی پرمارٹر گولے داغے گئے جس کے بعد سیکٹرکے علاقوں میں آمدورفت کا سلسلہ منقطع ہوکررہ گیا ،گولہ باری سے مال مویشی بھی ہلاک ہوئے۔بھارتی جنگی جنون کے جواب میں پاک فوج بھی منہ توڑ کارروائیاں کررہی ہے تاہم صرف فوجی چوکیوں کو ہی نشانہ بنایا جارہا ہے تاکہ عام شہریوں کو نقصان نہ پہنچے۔

(جاری ہے)

راولا کوٹ کے شہریوں کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج آئے روز سول آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے، عالمی برادری بھارتی جارحیت کا فوری نوٹس لے۔دوسری جانب راولا کوٹ میں ایلیمنٹری بورڈ پونچھ کے پانچویں اورآٹھویں کے ہونے والے پرچہ جات ملتوی اورسرحدی علاقوں میں نجی وسرکاری تعلیمی ادارے 4 روزکے لئے بند کردیئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

راولا کوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں