تھیلیسمیا کے مریض بچوں کے لئے الاقصیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی خدمات قابل تحسین ہیں ، سردار راشد نعیم

شادی سے پہلے ٹیسٹ کو لازم قرار دیا جائے تاکہ آنیوالی نسلوں کا مستقبل بھی محفوظ ہو سکے آزادکشمیر میں تھیلیسمیا کے مریضوں کیلئے الگ وارڈ ز نہیں ہیں جس سے انتہائی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ، ڈی آئی جی پونچھ ریجن

جمعرات 27 اگست 2020 21:41

راولاکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اگست2020ء) ڈی آئی جی پونچھ ریجن سردار راشد نعیم نے کہا ہے کہ تھیلیسمیا کے مریض بچوں کے لئے الاقصیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی خدمات قابل تحسین ہیں ، آزادکشمیر میں ایسے مریضوں کو خون کی فراہمی کیلئے عبدالحمید ایدھی کی نگرانی میں جو کام کیا جارہا ہے وہ دیگر اداروں کیلئے بھی قابل تقلید ہے ، تھیلیسمیا کے مرض میں مبتلا بچے ہم سب کی خصوصی توجہ کے مستحق ہیں ، یہ ایک مرض ہے جس کا علاج معالجہ انتہائی مہنگا ہے ، ایسے مریض بچوں کے علاج معالجہ کیلئے جہاں ہمیں مل کر کاوشیں کرنا ہوں گی وہاں اس مرض سے بچائو کیلئے ہمیں منظم منصوبہ بندی اور ماہرین کی ہدایات پر بھی عمل کرنا ہو گا ، جدید دور میں ٹیکنالوجی نے ہمارے لئے آسانیاں بھی پیدا کی ہیں اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ شادی سے پہلے ٹیسٹ کو لازم قرار دیا جائے تاکہ آنیوالی نسلوں کا مستقبل بھی محفوظ ہو سکے ، یہ بات انہوں نے الاقصیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام ٹورازم ہوٹل راولاکوٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، اس تقریب کی صدارت صدر ٹرسٹ عبدالحمید عرف ایدھی آزادکشمیر نے کی ، تقریب سے مہمان خصوصی ، صدر تقریب کے علاوہ معروف سرمایہ کار، ممتاز سماجی شخصیت سردار شاہ زیب شبیر ، مفتی عبدالخالق ، پریس کلب راولاکوٹ کے صدر اعجاز قمر ، کرنل ریٹائرڈ کمال خان ، ڈاکٹر اورنگزیب، نذیر اعوان، قاضی آصف جاوید ، عمران شاہد، محمد عابد ، محمود جلیل، ذوالفقار شاہ ، صاعقہ بشیر ، جمیلہ ، روزینہ اور دیگر نے خطاب کیا ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی پونچھ ریجن سردار ارشد نعیم نے کہا کہ الاقصیٰ ویلفیئر ٹرسٹ نے انتہائی نامساعد حالات معصوم بچوں کو خون کے عطیات فراہم کرنے اور ان کی معاونت کیلئے جو کارہائے نمایاں انجام دیے وہ قابل قدر ہیں ، ان بچوں کیلئے خون کے عطیات دینے والے بھی مبارکباد کے مستحق ہیں جو بغیر کسی لالچ کے ان بچوں کی مدد کرتے ہیں ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹرسٹ کے صدر عبدالحمید ایدھی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ الاقصیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام راولاکوٹ ، اسلام آباد ، مظفرآباد ، پلندری ، ہجیرہ میں مراکز قائم کئے گئے ہیں تاہم ناکافی سہولیات اور وسائل کی کمی کے باعث ان کی معاونت میں دشواری پیش آتی ہے ، آزادکشمیر میں تھیلیسمیا کے مریضوں کیلئے الگ وارڈ ز نہیں ہیں جس سے انہیں انتہائی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، اس وقت ٹرسٹ کے زیر اہتمام چھ ہزار سے زائد بچوں کو مسلسل خون کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے ، ان میں سے اکثریت کے پاس ہسپتالوں میں پہنچنے تک کا کرایہ نہیں ہوتا ہے ، ایسے بچوں کو ہر ہفتے خون کی ضرورت ہوتی ہے اور ان کے والدین ہر روز جیتے اور ہرروز مرتے ہیں ، ان کی مشکلات کے پیش نظر حکومتی اداروں اور مخیر حضرات کوبھرپور اقدامات کرنا ہوں گے کیونکہ یہ بھی ہمارے اس معاشرے کے بچے ہیں ، اس موقع پر مختلف مخیر حضرات نے تھیلیسمیا کے مریض بچوں اور الاقصیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے عطیات بھی فراہم کئے جبکہ تقریب میں شریک بچوں اور ان کے والدین کی مالی معاونت بھی کی گئی ۔

راولا کوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں