آزادکشمیر کے بلدیاتی نمائندگان نے شہری حکومتوں کا کردار بحال کرنے کیلئے ایکٹ 90ء کا ترمیمی مسودہ تیار کرلیا

منگل 21 مئی 2024 22:05

راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2024ء) آزادکشمیر کے بلدیاتی نمائندگان نے شہری حکومتوں کا کردار بحال کرنے کیلئے ایکٹ 90ء کا ترمیمی مسودہ تیار کرلیا، یہ مسودہ 23مئی کو حکومت کو پیش کرکے اسمبلی میں بل لانے کیلئے دس دنوں کی ڈیڈ لائن دی جائے گی ، حکومت کی طرف سے اس پر پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں لوکل گورنمنٹ کے دفاتر اور اسمبلی کے گھیرائو کا اعلان برقرا ر رہے گا، اس ضمن میں 27مئی کو ضلع پونچھ کے نمائندگان کا اجلاس ہو گا جس میںممبران ضلع کونسل ، یونین کونسلز ، میونسپل کارپوریشن ، ٹائون ، میونسپل کمیٹیز کے سربراہان شریک ہوں گے ، اس اجلاس میں مستقبل کا لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا، یہ فیصلے چیئر مین ضلع کونسل پونچھ سردار جاوید شریف ایڈووکیٹ کی زیر صدارت ہونے والے اس اجلاس میں کئے گئے جس میںپونچھ ڈویژن کے چار وں اضلاع سے ضلع کونسلز ، ٹائون ، میونسپل کمیٹیز، یونین کونسلز کے چیئر مین صاحبان، میونسپل کارپوریشنزکے میئرز اور دیگر بلدیاتی نمائندگان نے شرکت کی ، اجلاس میں امجد جاویدچیئر مین ضلع کونسل سدھنوتی ، جاوید اقبال ڈارچیئر مین ضلع کونسل حویلی ، سردار طارق مسعود ایڈووکیٹ باغ، سید افراز گردیزی ڈپٹی میئر باغ، جاوید عارف عباسی دھیر کوٹ باغ ، سردار بابر رزاق سدھنوتی ،نمبردار نذیر حسین ہورنہ میرہ ، سردار عبدالستار بنگوئیں ، امتیاز جنڈالوی وائس چیئر مین ضلع کونسل پونچھ ، دانش آزاد ، خواجہ سجاد حسین ، شاہد خورشید ، راجہ کیانی حویلی ، سردار عامر نعیم باغ، محمد سجاد خان پاچھیوٹ ، سردا رارسلان نثار ایڈووکیٹ ، سردار غفار خان یوتھ ڈسٹرکٹ کونسلر پونچھ ، سردار ضیاء الرحمان پونچھ ، سردار طارق چغتائی باغ، ارشد محمود پونچھ ، شیخ محمد عارف چیئر مین میونسپل کمیٹی حویلی ، محمد عارف خان، ڈسٹرکٹ کونسلر کفل گڑھ، سردار رشید طاہر باغ، فیصل نسیم عباسپور ، ماجد نوابی قلعاں سدھنوتی، سردار افتخار ایڈووکیٹ پونچھ ، ذوالفقار خان گھمیر ، سردار ابرار حفیظ تراڑکھل اور دیگر نے شرکت کی ، اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ حکومت آزادکشمیر بلدیاتی نمائندگان کو ایکٹ 90کے تحت حاصل تمام اختیارات بلدیاتی نمائندگان کے سپرد کرے اور اس میں موجودہ دور کے تقاضوں کے پیش نظر جو ترامیم ناگزیر تھیں اس کی سفارشات مرتب کر لی گئی ہیں اور حکومت کو پیش کردی جائیں گی، ہم آزادکشمیر کے تمام بلدیاتی نمائندگان سے مسلسل رابطہ میں ہیں اور اس ضمن میں متفقہ حکمت عملی اپنائی جائے گی ، حکومت ون ٹائم گرانٹ ان ایڈ کی بجائے اسی گرانٹ کو مستقل کرے کیونکہ ون ٹائم گرانٹ ان ایڈ کو کسی بھی وقت ختم کیا جاسکتا ہے ، اس لئے حکومت اور ممبران اسمبلی وسعت قلبی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگے بڑھیں اور اپنے مفادات کو پس پشت رکھ کر قومی مفاد کو ترجیح دیں ، آزادکشمیر کے بلدیاتی نمائندگان اس بات پر متفق ہیں کہ اختیارات اور فنڈز کی منتقلی تک اپنے حقوق کیلئے کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور ایکٹ 90کی بحالی کے لئے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں ، لوکل گورنمنٹ کے فنڈز ممبران اسمبلی کی بجائے بلدیاتی نمائندگان کے ذریعے خرچ کئے جائیں ، لوکل گورنمنٹ کے فنڈز جو تعمیر و ترقی کیلئے ہیں وہ سیاسی رشوت کے طور پر استعمال ہو رہے ہیں اس لئے ہم اپنے حقوق کی جنگ ہر صورت لڑیں گے اور اپنا حق حاصل کرکے رہیں گے ، اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود وہ مقاصد حاصل نہیں ہوپارہے جس کیلئے بلدیاتی الیکشن کروائے گئے ، حکومت کی دوغلی پالیسی کے باعث بلدیاتی نمائندگان میں تشویش پائی جاتی ہے، اجلاس میں ایرانی صدر ، وزیر خارجہ سمیت آٹھ عہدیداران کی حادثاتی موت پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور ان کے درجات کی بلندی کی دعا کی گئی ، اس موقع پر فلسطین ، کشمیر اور حالیہ تحریک میں شہید ہونے والوں کے ایصال ثواب کیلئے بھی فاتحہ خوانی کی گئی ۔

راولا کوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں