بورڈ امتحانات میں نقل کے تدارک کیلئے ضلع انتظامیہ کے ساتھ مل کر فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، چیئرمین تعلیمی بورڈراولپنڈی

پیر 29 اپریل 2024 22:02

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی محمدعدنان خان نے کہا ہے کہ حکومتِ پنجاب کی طرف سے دی گئی ہدایات کے مطابق امتحان انٹرمیڈیٹ فرسٹ اینول 2024ء کے انتظامات کے سلسلہ میں ضلع انتظامیہ کے ساتھ مل کر باہمی حکمت ِ عملی سے نقل کے تدارک اور حوصلہ شکنی کیلئے ڈویژن بھر میں تعلیمی بورڈ راولپنڈی نے مختلف ٹیمیں تشکیل دی ہیں جن کا مقصد امتحانی مراکز کا دورہ کرکے نقل کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔

یہ بات انہوں نے پیر کو کنٹرولر امتحانات پروفیسر ساجد محمود فاروقی کے ہمراہ مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے امتحان انٹرمیڈیٹ فرسٹ اینول2024 ء کے سلسلہ میں گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج اصغر مال (سینٹر اے، بی)،گورنمنٹ ایسو سی ایٹ کالج سیٹلائٹ ٹاؤن(سینٹر اے، بی)،گورنمنٹ کالج فار وویمن ظفر الحق روڈ، راولپنڈی کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران انہوں نے تعلیمی بورڈ کی طرف سے کئے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دریں اثنا کنٹرولر امتحانات پروفیسر ساجد محمود فاروقی نے گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول حسن ابدال، کیڈٹ کالج حسن ابدال، گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فاروویمن حسن ابدال، گورنمنٹ ایسو سی ایٹ کالج فاروویمن واہ کینٹ، گورنمنٹ ایسو سی ایٹ کالج فاروویمن ٹیکسلا کا دورہ کیا۔

دورے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا امتحان انٹرمیڈیٹ پارٹI-07مئی بروز منگل سے شروع ہو رہا ہے۔تمام اُمیدواران کی رولنمبر سلپس آن لائن کر دی گئی ہیں۔ ریگولر اُمیدواران کی رولنمبر سلپس اُن کے ادارہ جات کے پورٹل پر جبکہ پرائیویٹ اُمیدواران کی رولنمبر سلپس بورڈ کی ویب سائٹ www.biserawalpindi.edu.pkپر اَپ لوڈ کر دی گئی ہیں۔پرائیویٹ اُمیدواران کی رولنمبر سلپس اُن کے داخلہ فارم پر دیئے گئے پتہ جات پر ارسال کر دی گئی ہیں۔امتحان انٹرمیڈیٹ پارٹI-کے امتحانی مراکز کی بھی مؤثر اور جامع نگرانی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں