9 مئی جلاوٴ گھیراوٴ کیس، ضمانت پر رہا تحریک انصاف کے 8 کارکنان کو دوبارہ گرفتارکر لیاگیا

ملزمان کو 16 ایم پی او احکامات کے تحت گرفتار کیا گیا۔گرفتاری کے احکامات ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے جاری کئے ہیں،پولیس کا موقف

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 28 مارچ 2024 12:04

9 مئی جلاوٴ گھیراوٴ کیس، ضمانت پر رہا تحریک انصاف کے 8 کارکنان کو دوبارہ گرفتارکر لیاگیا
راولپنڈی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 مارچ2024 ء) 9 مئی جلاوٴ گھیراوٴ کیس میں ضمانت پر رہا ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے 8 کارکنان کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا،پولیس کے مطابق ملزمان کو 16 ایم پی او احکامات کے تحت گرفتار کیا گیا۔گرفتاری کے احکامات ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے جاری کئے ہیں۔زیر حراست پی ٹی آئی کارکنان میں اسد اللہ، ابرار، رضوان اللہ احمد علی اور دیگر شامل ہیں۔

گزشتہ روز انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی کارکنان کی ضمانت منظور کی تھی۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 20 مارچ کو ملزمان کی ضمانت منظور کی تھی اور ملزمان کو انسداد دہشت گردی عدالت میں مچلکے جمع کرانے کے بعد گزشتہ رات ان کارکنوں کوراولپنڈی کی اڈیالہ جیل سے رہا کیا گیا تھا۔گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا اور ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے تھے۔

(جاری ہے)

مظاہروں کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاوٴن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا ۔مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاوٴس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاوٴ گھیراوٴ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماﺅں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کئے گئے تھے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں