پولیو کی مقامی افزائش کو روکنا چیلنج ہے' راولپنڈی میں 6800 سے زائد ورکر مہم کا حصہ ہیں'خضر افضال

اتوار 28 اپریل 2024 19:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2024ء) پولیو مہم کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، پنجاب کے 10 اضلاع میں خصوصی انسداد پولیو مہم کا کل بروز پیر سے آغاز کیا جا رہا ہے۔ مہم میں 67 ہزار پولیو ورکر حصہ لیں گے۔ لاہور میں 13 ہزار ورکر، جبکہ راولپنڈی میں 6800 سے زائد ورکر مہم کا حصہ ہیں۔ اپنے پیغام میں انسداد پولیو پروگرام سربراہ خضر افضال نے کہا کہ وائرس کو روکنے کے لئے خصوصی مہم انتہائی اہم ہے، پنجاب میں بار بار بیرونی وائرس نمودار ہو رہا ہے لہذا تمام تر محنت پولیو کی مقامی افزائش کو روکنے پر مرکوز ہے۔

انہوں نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ضلعی افسران مہم کی خود نگرانی کریں اور اعلی درجے کی مہم کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے۔ خضر افضال نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پولیو ویکسین کے معیار کو برقرار رکھا جائے، ویکسین کے موثر استعمال سے ہی پولیو کا خاتمہ ممکن ہے۔

(جاری ہے)

خضر افضال نے خصوصی پولیو پوائنٹس کی اہمیت کو اجاگر کیا اور احکامات دیئے کہ داخلی، خارجی راستوں پر پولیو ٹیموں کی سخت مانیٹرنگ کی جائے۔

اس کے علاوہ پولیو ٹیموں کی سیکورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیموں سے بد سلوکی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پولیومہم 10 اضلاع میں منعقد کی جا رہی ہے جس میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، راجن پور، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان، میانوالی، شیخوپورہ، اوکاڑہ، شامل ہیں۔ جبکہ راولپنڈی، شیخوپورہ اور میانوالی شامل میں مہم منتخب یونین کونسلوں میں منعقد کی جائے گی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں