ساہیوال ،گندم خریداری مہم کے تمام انتظامات مکمل ،4لاکھ 7ہزار میٹرک ٹن سے زائد گندم خریدنے کیلئے 45خریداری مراکز قائم

جمعہ 26 مارچ 2021 16:52

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2021ء) ساہیوال ڈویژن میں گندم خریداری مہم کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں جس دوران 4لاکھ 7ہزار میٹرک ٹن سے زائد گندم خریدنے کے لئے 45خریداری مراکز قائم کر دیئے گئے ہیں اور کسانوں کو باردانہ کی تقسیم اپریل کے پہلے ہفتے سے شروع کی جا رہی ہے - یہ بات کمشنر ساہیوال ڈویژن نادر چٹھہ کی صدارت ہونے والے ایک خصوصی اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ قیوم قدرت نے بتائی جس میں ڈپٹی کمشنر ساہیوال بابر بشیر،ایڈیشنل کمشنر کو آرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر،اے ڈی سی ریونیو ساہیوال اویس مشتاق،اے ڈی سی ریونیو اوکاڑہ صبااصغر،اے ڈی سی فنانس پاکپتن مشتاق ٹوانہ،اے سی ریونیو فضائل مدثر کے علاوہ تینوں اضلاع کے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز علی عمران ساہی،فیصل شریف اور اسرار احمد خان نے بھی شرکت کی- کمشنر نادر چٹھہ نے مہم کے دوران آڑہتیوں اور سٹاکسٹ کی طرف سے گندم ذخیرہ کرنے کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی نجی ادارے یا شخص کی طرف سے گندم ذخیرہ اندوزی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا -انہو ں نے ساہیوال ڈویژن میں کام کرنے والے 584آڑہتیوں،181رائس ملز،292کولڈ سٹوریج،21فیڈ ملوں اور 23سیڈ ملوں کی لسٹیں ضلعی انتظامیہ کے حوالے کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے اور گندم ذخیرہ کرنے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے -انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے مہیا کئے گئے ٹارگٹ کو پورا کرنا بنیادی ذمہ داری ہے جس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جاسکتی -کمشنر نادر چٹھہ نے ہر موضع کی گرداوری متعلقہ خریداری مراکز پرفراہم کرنے اوراس کے مطابق باردانہ کی تقسیم کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ شفافیت برقرار رکھی جا سکی- انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو خریداری مراکز کے مسلسل دورے کرکے وہاں کسانوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنانے کی ھدایت کی - ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ قیوم قدرت نے بتایا کہ ضلع ساہیوال کے لئے گندم خریداری کا ہدف ڈیڑھ لاکھ میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے جس کے لئے 22خریداری مراکز قائم ہونگے اسی طرح ضلع اوکاڑہ کے لئے ٹارگٹ ایک لاکھ 80ہزار میٹرک ٹن اور ضلع پاکپتن کے لئے 77ہزار 3سو میٹرک ٹن ہے اور وہاں بالترتیب 15اور 8مراکز قائم کئے گئے ہیں- انہو ں نے مزید بتایا کہ تحصیل پاکپتن اور تحصیل اوکاڑہ میں پاسکو گندم خریداری کرے گی ۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں