گورنر سندھ نے حکومت سندھ کے مالی تعاون سے نئے تعمیر شدہ مہران کیڈٹس میس کا افتتاح کردیا

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی کیڈٹ کالج سانگھڑ کے 27 واں سالانہ یوم والدین کی تقریب میں شرکت

ہفتہ 23 دسمبر 2023 22:20

سانگھڑ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 دسمبر2023ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کیڈٹ کالج سانگھڑ کے 27 واں سالانہ یوم والدین کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ریئر ایڈمرل محمد سلیم ہلال ، چیئرمین بورڈ آف گورنرز، کموڈور ذیشان علی، ممبران بورڈ آف گورنرز، فوجی افسران، ضلعی حکومتوں کے افسران، علاقے کے معززین اور کیڈٹس کے والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے گورنر سندھ کو سلامی دی اور گارڈ آف آنر پیش کیا۔تقریب میں کیڈٹس کی طرف سے پریڈ ،پی ٹی شو، جمناسٹک ،ٹائیگر اسکواڈ ڈرل، ٹینٹ پیگنگ اور ہارس شو جمپنگ کا بھی مظاہرہ کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ معیاری تعلیم کا قوموں کی ترقی میں بنیادی اور اہم کردار ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی نے کیڈٹ کالج سانگھڑ کوکیڈٹس کی جانب سے تعلیمی بورڈ میں شاندار نتائج کے حصول پران کی کاوشوں کو سراہا اور طلباء کو بہترین تربیتی سہولیات فراہم کرنے پر کالج انتظامیہ کی تعریف کی۔

انہوں نے پاکستان بالخصوص ساحلی پٹی اور سندھ کے دور دراز علاقوں میں معیاری تعلیم کی فراہمی میں پاک بحریہ کے کردار کو بھی سراہا۔ گورنر سندھ نے کیڈٹ کالج سانگھڑ میں بطور مہمان خصوصی مدعو کرنے پر چیئرمین بورڈ آف گورنرز کا شکریہ ادا کیا۔ گورنر سندھ نے نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کیے، جس میں اعزازی ایوارڈ اسٹک آف آنر سابق کیڈٹ ابنِ عبداللہ اور بیج آف آنر سابق کیڈٹ رانا شہریار کو دیا گیا، جبکہ کیڈٹ محمد کبیر (سینئر) اور کیڈٹ محمد حذیفہ (جونیئر) پلیئر آف دی ایئر قرار پائے۔

جبکہ چیمپئن ٹرافی جام صادق علی ڈویژن نے حاصل کی۔ گورنر سندھ نے سابق کیڈٹ مسٹر جواد لاڑًک ، سابق کیڈٹ میجر محمد آصف خٹک اور سابق کیڈٹ لیفٹیننٹ کمانڈر محمد شعیب کو کیڈٹ کالج سانگھڑ کی طرف سی"بیسٹ المنائی ایوارڈ" حاصل کرنے پر مبارکباد بھی دی۔ گورنر سندھ نے حکومت سندھ کے مالی تعاون سے نئے تعمیر شدہ مہران کیڈٹس میس کا بھی افتتاح کیا ،جس میں ایک ہزار کیڈٹس کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے اور بہترین سہولیات سے آراستہ ہے۔

گورنر سندھ نے یادگار کے طور پر ایک پودا بھی لگایا، انہوں نے منصوبے کی بروقت تکمیل پر کیڈٹ کالج سانگھڑ کی کاوشوں کو سراہا، گورنر سندھ نے کیڈٹس کی جانب سے پیش کی گئی سائنس، آرٹس اور ثقافتی نمائش کو بھی دیکھا اور کیڈٹس کی محنت اور کاوشوں کی تعریف کی۔ قبل ازیں پرنسپل کیڈٹ کالج سانگھڑ کموڈور ذیشان علی ستارہ امتیاز (ملٹری) نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیڈٹ کالج سانگھڑ نے اپنے سازگار ماحول کے ذریعے ملک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ کیڈٹس کو صحت مندانہ ماحول فراہم کرکے متلفح شعبہ ہائے زندگی کے لیے تیار کیاجاتا ہے جن میں دفاع، سول سروسز، میڈیکل، انجینئرنگ اور مختلف شعبے شامل ہیں۔

سانگھڑ میں شائع ہونے والی مزید خبریں