موٹر وے زیادتی کیس پر دل خون کے آنسو رورہا ہے، ایسے جرائم کی روکتھام کیلئے سخت قوانین بنارہے ہیں،زرتاج گل

معاشرے میں عورت کے تحفظ کیلئے خواتین کو ایک دوسرے کا ساتھی بننا ہوگا، موسمیاتی تبدیلی کے سبب بڑے مسائل جنم لے رہے ہیں، گرین اینڈ کلین پاکستان منصوبہ ہماری بقا کیلئے ناگزیر ہے،وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی

جمعہ 18 ستمبر 2020 23:05

شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2020ء) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ موٹر وے زیادتی کیس پر دل خون کے آنسو رورہا ہے، آئندہ ایسے جرائم کی روک تھام کیلئے سخت قوانین بنارہے ہیں، معاشرے میں عورت کے تحفظ کیلئے خواتین کو ایک دوسرے کا ساتھی بننا ہوگا، موسمیاتی تبدیلی کے سبب بڑے مسائل جنم لے رہے ہیں، گرین اینڈ کلین پاکستان منصوبہ ہماری بقا کیلئے ناگزیر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کالج فار وویمن یوینورسٹی کالاشاہ کاکو کیمپس میں شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب اور میڈیازرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت زرتاج گل نے کہا کہ معاشرے میں خواتین کو استحصال کا سامنا ہے، کریکٹر بلڈنگ کی ضرورت ہے، تین سال کی بچی ہو یا موٹر وے پر کھڑی خاتون کوئی بھی محفوظ نہیں اس حوالہ سے حکومت فوری طورپر سخت قوانین کا نفاذکرنے جارہی ہے تاکہ معاشرے سے اس ناسور کا خاتمہ کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جنگلا ت کی کٹائی اور ٹمبر مافیا کے سبب ماحولیاتی تبدیلیوں میں تیزی آگئی ہے، بے موسمی بارشیں فصلوں کو شدید نقصان پہنچارہی ہیں جس سے غذائی قلت کا سامنا ہوسکتا ہے وزیر اعظم عمران خان کے گرین اینڈ کلین پاکستان پروجیکٹ کے تحت ملک بھر میں دس ارب پودے لگائے جارہے ہیں جسے سے ماحولیاتی تبدیلیوں میں کمی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت فضائی و زمینی آلودگی کو کنٹرول کرنے کیلئے مختلف منصوبوں پر کام کررہی ہے وفاقی دارلحکومت میں پلاسٹک بیگز پر مکمل پابندی لگائی گئی ہے دیگر صوبوں میں بھی جلد اس حوالہ سے اقدامات کئے جائینگے۔

اس وقت بے شمار کمپنیاں رنگ گورا کرنیوالی کریموں کی آڑ میں کینسر کا سبب بنے والے زہریلے کیمیکلز بیچ رہی ہیں جسکو روکنے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، وزیر مملکت نے کہا کہ کوئی بھی تحریک نوجوانوں کے بغیر کامیاب نہیں ہوسکتی، وزیر اعظم عمران کے ویڑن کو کامیاب بنانے کیلئے طلبا کو مکمل ساتھ دینا ہوگا۔ مشکل وقت گزر چکا ہے کئی دہائیوں سے لوٹ مار اور کرپشن کو ختم کرنے میں وقت لگے گا موجودہ حکومت صرف فٹے کاٹنے کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔

شیخوپورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں