انتخابات میں (ن) لیگ واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی‘رانا تنویر حسین ، حسان ریاض

جمعرات 7 دسمبر 2023 23:03

نارنگ منڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2023ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر رانا تنویر حسین اور سابق صوبائی پارلیمانی سیکرٹری چوہدری محمد حسان ریاض نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ،8فروری کا سورج (ن) لیگ کی فتح و نصرت کی نوید لیکر طلوع ہو گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارنگ منڈی کے نجی ہوٹل میں راشد بلال منہاس کی جانب سے منعقدہ تقریب کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ رانا تنویر حسین اور چوہدری محمد حسان ریاض نے اپنے خطاب میں کہا کہ نواز شریف قوم کے دلوں کی دھڑکن ہیں اور آئندہ ملک کے چوتھے وزیر اعظم ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایوان فیلڈ ریفرنس میں میاں نواز شریف کی جیت حق اور سچ کی فتح ہے ،میاں نواز شریف ملکی استحکام و خوشحالی کی ضمانت ہیں ،عمران خان نے ملک کو چار سالوں میں ناقابل تلافی نقصان پہنچایا جس کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نارنگ منڈی سبز منڈی کے آرھتی و محلہ محمد پورہ کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت اور پی ٹی آئی کے سابق رہنما راشد بلال منہاس نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی کو خیر باد کہہ کر سابق وفاقی وزیر رانا تنویر حسین اور چوہدری محمد حسان ریاض کی برملا حمایت کا اعلان کرتے کہا کہ وہ پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر تے ہیں ۔انہوں نے واضح کیا کہ وہ آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کو کامیاب کروانے کے لئے بھرپور جدوجہد کرینگے اور اپنے لیڈر رانا تنویر حسین اور چوہدری حسان ریاض کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہیں گے ،وہ ایک عظیم بلند پایہ لیڈر ہیں اور حلقہ کے عوام ان سے والہانہ محبت رکھتے ہیں ۔

شیخوپورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں