ڈی سی او شیخوپورہ کاعلی الصبح پھل و سبزی منڈی کا دورہ، پھل اور سبزیوں کی قیمتوں ، ریٹ لسٹوں اور بولی کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا

ہفتہ 16 مارچ 2024 15:38

شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2024ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ حکومت کے مقرر کردہ نرخوں شہریوں کو اشیائے خوردو نوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے فیلڈ میں متحرک۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وقار علی خان کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میاں نذیر احمد نے سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کے ہمراہ علی الصبح پھل و سبزی منڈی کا دورہ کیا اور پھل اور سبزیوں کی قیمتوں ، ریٹ لسٹوں اور بولی کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میاں نذیر احمد نے مختلف سبزیوں اور پھلوں کی بولی اپنی نگرانی میں کروائی اور پھل اور سبزیوں کے مختلف سٹالوں پر سبزیوں اور پھلوں کے معیار و سٹاک کو بھی چیک کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میاں نذیر احمد نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قیمتوں پر کڑی نظر رکھنے کیلئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وقار علی خان کی ہدایت پر روزانہ کی بنیاد پر بولی کے عمل کی نگرانی کی جا رہی ہے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے منڈیوں میں سستی اجناس کی ترسیل کو ہر صورت یقینی بنایاجائے گا۔

(جاری ہے)

اشیائے خورد و نوش کو مقررہ نرخ سے زائد قیمت پر فروخت کرنے والوں کیخلاف بلا تفریق کاروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔ تمام اسسٹنٹ کمشنرز ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف فیلڈ میں متحرک ہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میاں نذیر احمد نے کہا کہ مقرر نرخناموں کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف مقدمات کا اندراج کروایا جا رہا ہے۔ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کو کسی صورت بھی شہریوں کے استحصال کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا ک عوام کو سستی و معیاری اشیائے خورد و نوش کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ضلعی انتظامیہ ناجائز منافع خوروں اور گراں فروشوں کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

شیخوپورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں