کاشتکاروں سے 44 ہزار 783 میٹرک گندم کی خریداری کا ہدف مقررکیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنرسیالکوٹ

منگل 16 اپریل 2024 20:11

کاشتکاروں سے 44 ہزار 783 میٹرک گندم کی خریداری کا ہدف مقررکیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنرسیالکوٹ
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ امسال ضلع سیالکوٹ کے کاشتکاروں سے 44 ہزار 783 میٹرک گندم کی خریداری کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، اس مقصد کے حصول کےلئے ضلع سیالکوٹ میں گندم کی خریداری کے لیے 10 مراکز قائم کر دیئے گئے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گندم خرید مراکز پر انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی گندم خرید پالیسی کے مطابق کاشت کاروں سے گندم 3900 روپے فی 40 کلوگرام کی مقررہ قیمت پر خریدی جائے گی، کاشتکار باردانہ ایپ کے ذریعے باردانہ کے حصول کی درخواست دے سکیں گے۔ پی آئی ٹی بی کی باردانہ ایپ پر 13 سے 17 اپریل تک باردانہ کے حصول کے لیے درخواستیں موصول کی جائیں گی جس کا اجرا 19 اپریل سے ہوگا اور 22 اپریل سے گندم کی خریداری شروع ہوگی جس کے لیے ضلع اور تحصیل کی سطح پر گندم کی خریداری کے تمام پیشگی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی آئی ٹی بی اور پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کی تصدیق کے بعد کاشتکاروں کو تصدیقی میسج کیا جائے گا۔ کاشتکاروں سے گندم 3900 روپے فی 40 کلو گرام کی مقررہ قیمت پر خریدی جائے گی۔ گندم کی قیمت کے علاوہ ہر کاشتکار کو 30 روپے فی100 کلوگرام ڈلیوری چارجز بھی ادا کیے جائیں گے۔ چھوٹے کاشتکاروں کے تحفظ کے لیے باردانہ حصول کی اہلیت 6 ایکڑ تک رکھی گئی ہے جبکہ فلورملز، پرائیویٹ سیکٹر اور سیڈ کمپنیوں کو بھی مقررہ نرخ پر خریداری کی اجازت دی گئی ہے۔ گندم خریداری مہم کے دوران شکایات کے ازالے کے لیے کنٹرول روم اور ٹال فری نمبر 080013505 پر اطلاع دیں۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں