پختونوں میں یکجہتی ، اتحاد و اتفاق پیدا کرنے کا پیغام لے کر نکلیں ہیں ،ہر گھر اور حجرے جا کر ناراض کارکنوں کو منائیں گے،ایمل ولی خان

پختون قوم میں جب اتحاد و اتفاق نہ ہو تب تک ان کے حقوق عضب ہو تے رہیں گے۔ اے این پی ایک دستوری اور تنظیمی جماعت ہے اس میں ڈسپلن کے بغیر اور کوئی راستہ نہیں لہٰذا ہر ورکر کو پارٹی کے آئین اور دستور کے مطابق ڈسپلن پر چلنا چاہئے،صدر عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا

بدھ 16 اکتوبر 2019 17:18

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2019ء) عوامی نیشنل پارٹی صوبہ خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے واضح کر دیا ہے کہ وہ پختونوں میں یکجہتی ، اتحاد و اتفاق پیدا کرنے کا پیغام لے کر نکلیںہیں اور اس مقصد کے حصول کے لئے ہر گھر اور حجرے جا کر ناراض کارکنوں کو منائیں گے۔ کیونکہ پختون قوم میں جب اتحاد و اتفاق نہ ہو تب تک ان کے حقوق عضب ہو تے رہیں گے۔

اے این پی ایک دستوری اور تنظیمی جماعت ہے اس میں ڈسپلن کے بغیر اور کوئی راستہ نہیں لہٰذا ہر ورکر کو پارٹی کے آئین اور دستور کے مطابق ڈسپلن پر چلنا چاہئے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے دس روزہ دورہ ضلع صوابی کے موقع پر دوسرے دن مواضعات کوٹھا، کلابٹ ، گندف اور ٹوپی میں الگ الگ اجتماعات سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مختلف سیاسی ورکروں نے اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا جب کہ متعددکارکنان اے این پی نے دوبارہ پارٹی میں فعال ہونے کا اعلان کیااجتماعات سے ضلعی صدر حاجی آمان اللہ خان، جنرل سیکرٹری نوابزادہ ، صوبائی سیکرٹری ثقافت نثار خان، صوبائی سیکرٹری مالیات مختیار خان ایڈوکیٹ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

ایمل ولی خان نے کہا کہ اس وقت پاکستانی قوم ایک مشکل دور سے گزر رہی ہے چار پانچ سو روپے دیہاڑی والے مزدور کے خاندان کا پیٹ پالنا مشکل ہو چکا ہے جب کہ صحت اور تعلیم کے اخراجات اس کے علاوہ ہے اور یہ سب کچھ ہماری قوم بر داشت کر رہی ہے اوریہ سب کچھ ہماری قوم کی کوتاہی اور کمزوری کا نتیجہ ہے کہ قوم ہمیشہ دشمن کو یہ موقع فراہم کر تی ہے جو اقتدار میں آکر ہمارے حقوق پر ڈاکے مارتے ہیں جب کہ پختون قوم ہمیشہ بے اتفاقی کی وجہ سے اپنوں کی بجائے دوسرے صوبوں کے لوگوں کو حکمرانی کا موقع دیتے ہیں بد قسمتی سے پختون معمولی بات پر اپنے بھائی یا دیگر رشتہ داروں سے ناراض ہو کر اس کا سارا زور قوم پر ڈالتے ہیں۔

قومی سوچ کی بجائے ذاتی لالچ میں مبتلا رہتے ہیں اسی طرح لوگ راستہ پختہ کرنے، پل بنانے اور ملازمت دینے کے لئے ووٹ دیتے ہیں ووٹ دینے کے بعد ان کے نمائندے پانچ سال تک نظر نہیں آتے ہیں جس کی وجہ سے پختون قوم ترقی کی بجائے پسماندگی کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہماری قوم یہ رویہ نہیں بدلتی تب تک ہماری قوم ترقی کر سکتی ہے اور نہ ہی ان کے حقوق کی حفاظت ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جے یو آئی کا آزادی ملین مارچ ایک تحریک بن چکی ہے اس تحریک کا باقاعدہ آغاز اور اعلان ہو چکا ہے اور اب یہ تحریک شروع ہے انہوں نے کہا کہ سیاسی شعور رکھنے والوں کے علاوہ پاکستان کا ہر فرد پی ٹی آئی حکومت سے مطمئن نہیں ہے ایک سالہ دور حکومت کے دوران ملک و قوم کے مفاد میں کوئی کام نہیں کیا بلکہ دنیا کی تاریخ میں کسی عوامی سیاستدان نے ایسے کام نہیں کئے جو کہ موجودہ حکومت نے اپنے ایک سال کے دوران کئے۔

جن لوگوں نے پی ٹی آئی کو اقتدار میں لایا ہے یہی حکمران ان کے غلام ہے عمران نیازی نے کشمیر کا عملاً سودا کیا ہے اسی طرح اسرائیل کے حوالے سے الٹی سیدھی باتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے بد ترین مہنگائی ،ٹیکسز میں اضافے کے حوالے سے سونامی لایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ چالیس سالوں سے پختون جس مشکل دور سے گزر رہا ہے اس لئے پختون قوم کے مستقبل کے لئے فکر مند ہو پختون سر زمین پر حجروں اور بازاروں میں ہمارے بچوں ، بوڑھوں ، جوانوں ، مائوں اور بہنوں کو شہید کیا گیا ۔

مساجد شہید کرنے کے علاوہ کالجز ، سکولز اور بازاروں کو تباہ کیا گیا پختونوں کے حقوق عملاً چھینے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے عوامی مینڈیٹ کو چھینا گیا ہے پنجاب پختونوں کے وسائل پر قابض چلا آرہا ہے

صوابی میں شائع ہونے والی مزید خبریں