کشمور سے اغواء ہونیوالے مکھی جگدیش کمار،ساگر کمار،جے دیو اور ڈاکٹر منیر کو فوری بازیاب کرایاجائے ،مکھی شام لعل لاسی

جمعہ 1 ستمبر 2023 20:40

اوتھل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2023ء) چیئرمین بلوچستان اقلیتی کمیشن وجمعیت علماء اسلام کے مرکزی اقلیتی رہنما سابق رکن صوبائی اسمبلی مکھی شام لعل لاسی نے کہاہے کہ بڑے دکھ اور افسوس کے ساتھ کہنا پڑتاہے کہ سندھ کے علاقے کشمور میں ڈاکو راج قائم ہے یہاں بسنے والی اقلیتوں کے ساتھ ظلم اور زیادتیاں ہورہی ہیں لیکن پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اقلیتوں کو تحفظ دینے میں ناکام نظر آرہے ہیں مکھی جگدیش کمار،ساگر کمار،جے دیو اور ڈاکٹر منیر کو ڈاکوؤں نے اغواء کرلیا ہے لیکن ابھی تک انہیں بازیاب نہیں کرایا جاسکاہے جسکی وجہ سے ان کے خاندان والے کرب میں مبتلاہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمور میں مکھی جگدیش کمار،ساگر کمار،جے دیواور ڈاکٹر منیر کے لواحقین کی جانب سے انکی بازیابی کیلئے نکالی جانے والی احتجاج ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کشمور میں ڈاکو دن دہاڑے لوگوں کو اغواء کرکے ان کی وڈیوز بناکر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرکے تاوان طلب کرتے ہیں اوران پر بے رحمانہ تشدد کیا جاتاہے یہ وڈیوز دیکھ کرمجھے بڑی تکلیف ہوتی ہے آج میں یہاں آپ لوگوں کے ساتھ ہمدردی اور اظہار یکجہتی کرنے آیا ہوں میں نے بارہا بلوچستان اسمبلی کے فلور پر آواز اٹھائی ہے کہ کشمور سمیت سندھ میں ہماری اقلیتی برادری کے ساتھ ظلم ہورہا ہے ڈاکو کھلے عام ہمارے لوگوں کو اغواء کرکے انہیں زنجیروں میں جھکڑ کر تاوان طلب کرتے ہیں میں نے سندھ گورنمنٹ اور وہاں کے اقلیتی نمائندوں کو بھی کئی بار مخاطب کرکے کہاکہ اقلیتوں کے ساتھ ظلم وزیادتیاں ہورہی ہیں آخر آپ لوگ اسمبلی میں کیوں بیٹھے ہو جب آپ عوام کی نمائندگی کرتے ہوتو کیسے اور کیوں اقلیت کے لوگ اغواء ہورہے ہیں پھر آپ کو اسمبلی میں بیٹھنے کا کیا حق ہی مجھے بڑا دکھ ہے اگر ایسے واقعات میرے دور میں بلوچستان میں ہوتے تو میں بلوچستان اسمبلی میں بیٹھنا گوارہ نہیں کرتا ہماری اقلیت کے ساتھ پے در پے ظلم وزیادتیاں ہورہی ہیں گزشتہ دنوں جڑانوالہ میں عیسائی برادری کے ساتھ جو کچھ ہوا اس پر دل خون کے آنسو رو رہاہے آخر یہ پولیس اور دیگر فورسز کس کام کی ہیں انہیں کس کام کیلئے رکھا گیاہے کہ وہ لوگوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی نہیں بنارہے میری وفاقی اور صوبائی نگران حکومت سے مطالبہ کرتاہوں کہ وہ فوری طورپر کشمور سے اغواء ہونے والے مکھی جگدیش کمار،ساگر کمار،جے دیو اور ڈاکٹر منیر کو فوری طور پر بازیاب کرائے اگر یہ فوری طور پر بازیاب نہیں ہوئے تو پھر آپ کی حکومت چلانے کا کوئی حق بھی نہیں ہے۔

تھل میں شائع ہونے والی مزید خبریں