وزیرآباد،سول ہسپتال میں سنگین نوعیت کی بدعنوانیوں اور بے ضابطگی کا انکشاف

بدھ 5 اپریل 2023 12:34

وزیرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2023ء) سول ہسپتال میں سنگین نوعیت کی بدعنوانیوں اور بے ضابطگی کا انکشاف۔ ٹینڈرز میں بے ضابطگی ہوئی، کنٹین ٹینڈر شئیر بھی کم جمع کروایا گیا ۔ ہر ماہ سرکاری شیئر سے لاکھوں روپے غائب کئے گئے،کروڑوں روپے سرکاری خزانے میں جمع نہیں کروائے گئے۔ پی ایم یو کے سینئر اہلکار نے ہر معاملے میں مداخلت کر کے ہسپتال کو مچھلی منڈی بنا دیا۔

سرکاری خزانے کے پیسے جمع نہ کروانا جرم، تحقیقات جاری، ایک ایک پائی برآمد کروائیں گے ۔ ایم ایس ہسپتال کا موقف تفصیلات کے مطابق سول ہسپتال وزیرآباد میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگی اور بدعنوانیوں کے معاملات سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ہر ماہ دو ملین سے زائد اکٹھا کی جانی والی سرکاری رقم کو خزانے میں جمع نہیں کروایا جارہا جس سے سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا ٹیکہ لگایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ڈیزل کی مد میں بڑی رقم نکالی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ناقص تیل کی خریداری کر کے جنریٹر میں استعمال کیا جاتا رہا جس کے باعث کروڑوں مالیت کے جنریٹر بھی بار بار خراب ہوئے۔ ناقص تیل کی بابت بجلی کا ٹھیکہ رکھنے والے کمپنی نے بھی ہسپتال انتظامیہ کو خط لکھا تھا۔ سرکاری مانیٹرنگ ٹیم کی رپورٹ میں بھی انکشاف کیا گیا تھا کہ لوکل پرچیز کی ادویات اور سٹیشنری بھی مارکیٹ ریٹ سے تقریبا دوگنے ریٹ پر خریدی گئی۔

ہسپتال کی پارکنگ اور کنٹین کے ٹھیکہ جات بھی قواعد و ضوابط کے مطابق نہیں دیئے گئے اور نہ ہی ان ٹھیکہ جات سے حاصل کردہ مکمل رقم حکومت کے فنڈز میں جمع کروائی گئی ہے۔ سرکاری رپورٹ کے مطابق ماہر ڈاکٹر اور سرجن تعینات ہونے کے باوجود مریضوں کے لیے دستیاب نہیں ہیں، تمام ڈاکٹروں کی ڈیوٹی مارننگ شفٹ میں لگائی گئی ہے۔ ذرائع مطابق پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے ذیلی ادارے پی ایم یو کے ایک سینئر اہلکار کی ہسپتال میں من پسند افراد کی تعیناتی کی کوشش اور بارہا مداخلت نے ہسپتال کا پورا نظام بگاڑ دیا ہے۔

ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سرکاری پیسے بدنیتی سے جمع نہ کروانا سنگین جرم ہے، معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ شہری حلقوں نے سرکاری خزانے کے کروڑوں روپے جمع نہ کروائے جانے کی بات منظر عام پر آنے کے بعد وزیراعلی، سیکرٹری ہیلتھ پنجاب، صوبائی محتسب اور دیگر اعلیٰ حکام سے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور ان کے تبادلے کا مطالبہ کیا ہے۔

وزیر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں