آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی، سری لنکا کا دفاعی چیمپئن بھارت کو 7 وکٹوں سے ہرا کر جاندار کم بیک

سری لنکا نے 322 رنز کا ہدف 48.4 اوورز میں محض 3 وکٹوں پر پورا کیا، گونا تھیلیکا اور مینڈس نے دوسری وکٹ میں 159 رنز کی قیمتی شراکت جوڑ کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا، مینڈس 89، گونا تھلیکا 76 رنز بنا کر نمایاں، میتھیوز 52 رنز بنا کر ناقابل شکست، دھون کی سنچری، شرما اور دھونی کی نصف سنچریاں رائیگاں، کوسل مینڈس میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

جمعرات 8 جون 2017 23:40

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی، سری لنکا کا دفاعی چیمپئن بھارت کو 7 وکٹوں سے ہرا کر جاندار کم بیک
اوول ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2017ء) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں سری لنکا نے دفاعی چیمپئن بھارت کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں جاندار کم بیک کیا ہے، فتح کے بعد آئی لینڈرز کی سیمی فائنل تک پہنچنے کی امید زندہ ہو گئی، سری لنکا نے 322 رنز کا ہدف 48.4 اوورز میں محض 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، 11 کے سکور پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد گونا تھلیکا اور کوسل مینڈس حریف بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے، انہوں نے مشکل وقت میں انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ میں 159 رنز کی قیمتی شراکت جوڑ کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا، مینڈس 89 اور گونا تھلیکا 76 رنز بنا کر نمایاں رہے، میتھیوز نے 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔

شیکھر دھون کی سنچری، روہت شرما اور دھونی کی نصف سنچریاں رائیگاں گئیں۔

(جاری ہے)

کوسل مینڈس میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ جمعرات کو اوول میں کھیلے گئے چیمپئنز ٹرافی کے آٹھویں میچ میں سری لنکن ٹیم کے کپتان اینجلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے بائولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا تو بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، دھون نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 125 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، روہت شرما 78 اور دھونی 63 رنز کے ساتھ دیگر نمایاں بلے باز رہے، کپتان ویرات کوہلی صفر، یووراج سنگھ 7 اور ہرڈک پانڈیا 9 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، کیدر جادھو 25 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، لاستھ مالنگا نے 2 جبکہ سرنگا لکمل، نوون پرادیپ، تھسرا پریرا اور آسیلا گونارتنے نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں سری لنکن ٹیم نے مطلوبہ ہدف 48.4 اوورز میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، آئی لینڈرز کی اننگز کا آغاز کچھ زیادہ اچھا نہ تھا اور 11 کے سکور پر اسے نیروشن ڈکویلا کا نقصان برداشت کرنا پڑا جو 7 رنز بنا کر بھنشور کمار کی گیند کا نشانہ بنے، اس موقع پر گونا تھلیکا اور کوسل مینڈس نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے ڈٹ کر حریف بائولرز کا مقابلہ کیا اور دوسری وکٹ میں 159 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 170 تک پہنچا کر اس کی پوزیشن بہتر کی، یہ پارٹنر شپ بھارت کیلئے خطرہ بن گئی تھی کہ یہاں پر گونا تھلیکا 76 رنز بنانے کے بعد رن آئوٹ ہو گئے، 196 کے سکور پر آئی لینڈرز کی تیسری وکٹ گری جب کوسل مینڈس جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 89 رنز بنا کر رن آئوٹ ہوئے، اس موقع پر کوسل پریرا اور کپتان میتھیوز بھارتی بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ میں 75 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا، یہاں پر پریرا ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے، وہ 47 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، اس کے بعد آسیلا گونارتنے نے کپتان کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے 51 ناقابل شکست رنز جوڑ کر ٹیم کو 49ویں اوور کی چوتھی گیند پر فتح سے ہمکنار کرایا، میتھیوز 52 اور گونارتنے 34 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، بھنشور کمار نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

وقت اشاعت : 08/06/2017 - 23:40:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :