الیکشن 2018ء، شاہد آفریدی کا سیاستدانوں کےلئے بڑا پیغام

سوشل میڈیا صارفین ”لالہ “ کی تعریفیں کرنے پر مجبور

جمعہ 20 جولائی 2018 12:06

الیکشن 2018ء، شاہد آفریدی کا سیاستدانوں کےلئے بڑا پیغام
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20جولائی 2018 ء) عام انتخابات میں صرف 5 دن باقی رہ گئے ہیں اور تمام سیاسی جماعتیں اور امیدوار انتخابی مہم چلانے اور ووٹ مانگنے میں مصروف ہیں۔ انتخابی مہم کے دوران مختلف سیاستدان ناصرف لوگوں سے تعمیر و ترقی اور ان کے مسائل حل کرنے کے وعدے کر رہے ہیں بلکہ ایک دوسرے پر الزام تراشی اور نازیبا زبان کے استعمال میں بھی مصروف ہیں جس پر الیکشن کمیشن نے بھی نوٹس لے لیا ہے اور عوام بھی اس کی مذمت کر رہی ہے۔

ایسے میں قومی ٹیم کے سابق کپتان اور آل راﺅنڈر شاہد خان آفریدی انتخابات کی تیاری میں مصروف تمام سیاستدانوں کو ایسی بات کہہ دی کہ ہر کوئی ان کی تعریف کرنے پر مجبور ہو گیا ہے۔شاہد آفریدی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا کہ ”تمام سیاسی جماعتوں سے درخواست ہے کہ جتنی بیان بازی، شعلہ بیانی، برائی اور الزام تراشی کرنی ہے یہ الیکشن کے دن تک کر لی جائے تاکہ الیکشن کے بعد عوام سے کئے گئے وعدے پورے کئے جا سکیں جس سے ملک و قوم کی ترقی ممکن ہو سکے، شکریہ“۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات25جولائی کو ہوں گے ، نگران وفاقی حکومت نے عام انتخابات میں امن وامان کے لیے سول آرمڈ فورسز کے 42 ہزار اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔نگران وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصرالملک کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں عام انتخابات سمیت دیگر امور پر اہم فیصلے کیے گئے۔ وفاقی کابینہ میں فیصلہ کیا گیاکہ عام انتخابات میں نیکٹا صوبائی حکومتوں سے معلومات کا تبادلہ کرے گا جب کہ کابینہ اجلاس، نادرا، ایف آئی اے اور ایوی ایشن تکنیکی تعاون فراہم کریں گے۔

وفاقی کابینہ نے ہدایت کی کہ صوبائی حکومتیں انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کرائیں اور سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں کو سکیورٹی انتظامات کے بارے میں اعتماد میں لیا جائے۔
وقت اشاعت : 20/07/2018 - 12:06:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :