سپاٹ فکسنگ کیس: شاہ زیب حسن کی سزا میں اضافہ

کرکٹرکو 17 مارچ 2017ءکو معطل کیا گیا تھا

جمعہ 10 اگست 2018 16:19

سپاٹ فکسنگ کیس: شاہ زیب حسن کی سزا میں اضافہ
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10اگست 2018 ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے ایڈیشن میں سپاٹ فکسنگ الزامات کے بعد معطل ہونے والے کرکٹرشاہ زیب حسن کی اپیل کے معاملے پر آزاد ایڈجیوڈیکٹر نے فیصلہ سنادیا، کرکٹر پر پابندی کی سزا ایک سال سے بڑھا کر 4 سال کر دی گئی جبکہ 10 لاکھ روپے جرمانہ برقرار رکھا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سپاٹ فکسنگ میں نام سامنے آنے کے بعد 3ون ڈے اور10ٹی ٹونٹی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے27سالہ شاہ زیب حسن کو 17 مارچ 2017 ءکو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے معطل کردیا گیا تھا۔

شاہ زیب حسن کیس کی اینٹی کرپشن ٹریبونل میں سماعت گزشتہ سال 21 اپریل سے شروع ہوئی تھی، جس کا فیصلہ 31 جنوری کو محفوظ کیا گیا، جو رواں برس 28 جنوری کو سنایا گیا تھا۔

(جاری ہے)

پی سی بی کے اینٹی کرپشن ٹربیونل نے اپنے فیصلے میں شاہ زیب حسن کو ایک سال پابندی اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔شاہ زیب حسن کو 3 شقوں کی خلاف ورزی پر چارج شیٹ کیا گیا تھا، ان پر کھلاڑیوں کو اکسانے اور بکیز سے رابطوں کو رپورٹ نہ کرنے کا الزام تھا۔

شاہ زیب حسن نے 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا ختم کرنے کی اپیل کی تھی۔آزاد ایڈجیوڈیکٹر جسٹس ریٹائرڈ حامد حسن نے آج اپیل کیس کا فیصلہ سنایا اور شاہ زیب حسن پر عائد جرمانہ برقرار رکھتے ہوئے ان پر پابندی کی سزا میں بھی اضافہ کردیا، جس کے مطابق معطل کرکٹر پر پابندی کی سزا اب ایک سال سے بڑھ کر 4 سال ہوگئی ہے۔یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے شاہ زیب حسن سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں معطل ہونے والے پانچویں کھلاڑی تھے ، ان کے علاوہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنرز شرجیل خان او ر خالد لطیف ،فاسٹ باﺅلر محمد عرفان اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آل راﺅنڈر محمد نواز کو بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے معطل کیا گیاتھا۔
وقت اشاعت : 10/08/2018 - 16:19:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :