عمران خان کی طرح سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں،لیجنڈری کرکٹر کا اعلان

میں نے کبھی ایسا نہیں سوچا اور میں کہہ سکتا ہوں کہ ایسا کبھی نہیں ہوگا:کمار سنگاکارا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 14 اگست 2018 12:35

عمران خان کی طرح سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں،لیجنڈری کرکٹر کا اعلان
لندن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14اگست 2018 ء) سری لنکا کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کمار سنگاکارا نے مقامی میڈیا کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست میں آکر عمران خان بننے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔غیر ملکی میڈیاکی رپورٹ کے مطابق سری لنکا کے میڈیا میں ان کا موازنہ عمران خان سے کیا جارہا تھا جو پاکستان کے انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے والی جماعت کے نامزد وزیراعظم ہیں تاہم سنگاکارا نے اپنے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی تردید کردی ہے۔

سنگاکارا نے ایک بیان میں کہا کہ میں تمام افواہوں اور قیاس آرائی کو مسترد کرتا ہوں اور تصدیق کرتا ہوں کہ سیاسی عہدہ رکھنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔2015ءمیں انٹر نیشنل کرکٹ سے کنارہ کشی کے بعد ٹی ٹونٹی لیگز میں اپنی بہترین کارکردگی دکھانے والے سنگاکارا نے کہا کہ میں نے کبھی ایسا نہیں سوچا اور میں کہہ سکتا ہوں کہ ایسا کبھی نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ سری لنکا میں اگلے سال صدارتی انتخابات ہونے جارہے ہیں تاہم حکومتی اور اپوزیشن دونوں جماعتوں نے اپنے امیدواروں کا اعلان نہیں کیا ہے۔

سری لنکا کو 1996 ءمیں کرکٹ کا ورلڈ چمپئن بنوانے والے سابق کپتان ارجنا راناٹنگا موجودہ حکومت میں وزیر ہیں اور سابق کپتان سنتھ جے سوریا بھی کرکٹ سے کنارہ کشی کے بعد ہی نائب وزیر کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے ہیں۔کمارسنگاکارا کو سری لنکا کی جانب سے ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ٹیسٹ کرکٹ میں سنگاکارا نے 11 ڈبل سنچریوں کی مدد سے 12 ہزار 400 اور ون ڈے کرکٹ میں 90 نصف سنچریوں اور 25 سنچریوں کی مدد سے 14 ہزار234 رنز بنائے اور اگست 2015 ءمیںانٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

سنگاکارا کی قیادت میں سری لنکن ٹیم نے 2011 ءکے ورلڈ کپ کے فائنل تک رسائی کی تھی مگر بھارت سے انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم سنگاکارا کو بہترین کارکردگی پر دنیائے کرکٹ کا عظیم کھلاڑی تصور کیا جاتا ہے۔
وقت اشاعت : 14/08/2018 - 12:35:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :