نئی ون ڈے رینکنگ ، بابر اعظم سے دوسر ی پوزیشن بھی چھن گئی

فخر زمان اور حسن علی کے لیے بھی بری خبر آگئی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 30 ستمبر 2018 14:05

نئی ون ڈے رینکنگ ، بابر اعظم سے دوسر ی پوزیشن بھی چھن گئی
دبئی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30 ستمبر2018ء) بھارتی ٹیم کی اوپننگ جوڑی روہت شرما اور شیکھر دھون نے نئی آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں بڑی چھلانگ لگائی ہے جب کہ افغان لیگ سپنر راشد خان نے بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کو پیچھے چھوڑتے ہوئے آل راﺅنڈر ز کی فہرست میں پہلی پوزیشن سنبھال لی ہے ۔ویرات کوہلی کی عدم موجودگی میں ٹیم کی قیادت کرنے والے روہت شرما نے ایشیاءکپ میں بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 317رنز سکور کرکے ون ڈے رینکنگ میں پاکستان کے بابر اعظم کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 2درجے ترقی کے ساتھ دوسری پوزیشن سنبھال لی ہے،وہ اس سے قبل رواں سال جولائی میں بھی دوسری پوزیشن پر براجمان رہے تھے ،روہت شرما کے اوپننگ پارٹنر شیکھر دھون نے ایشیاءکپ میں342رنز سکورکرکے رینکنگ میں 4سیڑھیاں پھلانگتے ہوئے 5ویں پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی ٹیم کے چائنا مین سپنر کلدیپ یادیو نے ایشیاءکپ میں بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمان اور افغانستان کے راشد خان کے ساتھ مشترکہ طور پرسب سے زیادہ10،10 وکٹیں حاصل کرکے باﺅلرز کی رینکنگ میں 3درجے ترقی کےساتھ کیریئر کی بہترین تیسری پوزیشن پر قبضہ جمالیا ہے ۔افغان لیگ سپنر راشد خان نے بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کو پیچھے چھوڑتے ہوئے6درجے ترقی کےساتھ بہترین ون ڈے آل راﺅنڈر ہونےکا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے،راشد خان نے بہترین باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے دوران800پوائنٹس کا سنگ میل عبور کیا جب کہ بلے بازی کرتے ہوئے 87رنز سکور کرکے بیٹسمینوں کی فہرست میں 97ویں پوزیشن سنبھال لی ،افغان اوپنر محمد شہزاد نے 19درجے ترقی کے ساتھ 36ویں پوزیشن پر قبضہ جمایا جو گزشتہ 2سال کے دوران انکی بہترین پوزیشن ہے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے وکٹ کیپر بلے باز مشفیق الرحیم نے کیریئر کی بہترین 16پوزیشن اپنے نام کی ہے جبکہ ایشیا ءکپ کے فائنل میں بھارت کیخلاف سنچری بنانےوالے لٹن داس 107درجے ترقی کےساتھ116ویں پوزیشن پر قبضہ جمایا ہے ،فاسٹ باﺅلر مستفیض الرحمان 4سیڑھیاں پھلانگ کر12ویں پوزیشن پر پہنچے ہیں ۔پاکستان کے امام الحق نے 15سیڑھیاں پھلانگ کر کیریئر کی بہترین 27ویں پوزیشن سنبھالی ہے جبکہ شعیب ملک 12درجے ترقی کے ساتھ42ویں نمبر پر پہنچے ہیں ،فخر زمان کو بھی 3درجے تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اب وہ 19ویں پوزیشن پر موجود ہیں ،فاسٹ باﺅلر جنید خا ن نے7درجے ترقی کےساتھ30ویں پوزیشن پر قبضہ جمایا ہے جبکہ حسن علی 3د رجے تنزلی کے ساتھ چھٹی پوزیشن پر آگئے ہیں۔

سری لنکا کی جانب سے اپل تھرنگا نے2درجے ترقی کےساتھ41ویں پوزیشن سنبھالی ہے جبکہ ہانگ کانگ کے کپتان انشومن راتھ نے بھارت کےخلاف73رنز کی اننگز کھیل کر352پوائنٹس کےساتھ55ویں پوزیشن سنبھالی ہے جو کسی بھی ہانگ کانگ کے بلے باز کے حاصل کردہ سب سے زیادہ پوائنٹس ہیں ،ان کے اوپننگ پارٹنر نزاکت خان نے28درجے ترقی کے ساتھ78ویں پوزیشن سنبھالی ہے۔ آئی سی سی کی ون ڈے ٹیم رینکنگ میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں ہوئی تاہم پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کو ایشیا ءکپ میں ناقص کاکردگی کے باعث 3،3پوائنٹس کی کٹوتی کا خمیازہ بھگتنا پڑا ہے جبکہ افغانستان کو5اور بھارت کو1 پوائنٹ کا فائدہ پہنچا ہے ۔ 
وقت اشاعت : 30/09/2018 - 14:05:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :