پی سی بی نے ورلڈ چیمپئن ٹیم کو دورہ پاکستان کی دعوت دیدی

کرکٹ آسٹریلیا کی سکیورٹی ٹیم پاکستان بھیجنے کی یقین دہانی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 8 اکتوبر 2018 19:54

پی سی بی نے ورلڈ چیمپئن ٹیم کو دورہ پاکستان کی دعوت دیدی
لاہور (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 اکتوبر 2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اگلے سال مارچ میں آسٹریلیا میں اپنے پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کے سلسلے میں کراچی میں دو ون ڈے کھیلنے کے لئے کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) سے رابطہ کیا ہے۔پاکستان اور آسٹریلیا کو 19مارچ سے31 مارچ2019ءکے دوران کینگروز کے دیس میں 5ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنی ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے اعلی حکا م نے کرکٹ آسٹریلیا(سی اے ) سے رابطہ کرکے انہیں پہلے دو ون ڈے میچز نیشنل سٹیڈیم ،کراچی میں کھیلنے کی تجویز دی ہے جب کہ سیریز کے دیگر تین ون ڈے میچز شیڈول کے مطابق آسٹریلیا میں ہی کھیلے جائیں گے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے ذرائع کے مطابق بورڈ ایک سکیورٹی ٹیم جلد پاکستان بھیجے گا جو کراچی میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اپنی رپورٹ کرکٹ بورڈ کو بھیجے گی ۔

(جاری ہے)

گزشتہ ایک سال کے دوران ویسٹ انڈیز، زمبابوے، سری لنکا اور ورلڈ الیون کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کرچکی ہیں جب کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے اور تیسرے ایڈیشن کے فائنلز اور تیسرے ایڈیشن کے دو پلے آف مقابلے بھی لاہور اور کراچی میں کامیابی سے کروائے گئے ہیں ۔

رپورٹ مزید کہا گیا ہے کہ پی سی بی اب ملک میں مکمل طور پر کرکٹ بحالی کے اگلے مرحلے کی جانب جارہا ہے اور آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ جیسی مضبوط کرکٹ ٹیموں کو پاکستان آنے کی دعوت دی جائے گی ۔ ایک جانب جہاں ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتری کی جانب جارہی ہے وہیں پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) بھی اعلان کرچکی ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے فروری2019ءسے مارچ 2019ءتک شیڈول چوتھے ایڈیشن کے فائنل سمیت8مقابلے پاکستان ہی میں کروائے جائیں گے ۔یاد رہے کہ مارچ2009ءمیں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد ملکی میدان اب تک مسلسل انٹر نیشنل میچز کی میزبانی سے محروم ہیں ۔
وقت اشاعت : 08/10/2018 - 19:54:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :