پاکستان سے دوطرفہ سیریز نہ کھیلنا بھارت کا موقف منافقانہ ہے ،ْ چیئر مین پی سی بی

بھارت ہم سے آئی سی سی کے مقابلوں میں تو کھیلتا ہے لیکن دوطرفہ سیریز نہیں ،ْ معاملے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ،ْاحسان مانی آئندہ سال ہونے والے عام انتخابات کی وجہ سے بھارت کے سخت موقف میں نرمی کا کوئی امکان نہیں ،ْ انٹرویو

بدھ 17 اکتوبر 2018 14:44

پاکستان سے دوطرفہ سیریز نہ کھیلنا بھارت کا موقف منافقانہ ہے ،ْ چیئر مین پی سی بی
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈکے چیئرمین احسان مانی نے آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان سے کھیلنے کے باوجود دوطرفہ سیریز کھیلنے سے بھارت کے موقف کو منافقانہ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ہم سے آئی سی سی کے مقابلوں میں تو کھیلتا ہے لیکن دوطرفہ سیریز نہیں ،ْ معاملے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ،ْ آئندہ سال ہونے والے عام انتخابات کی وجہ سے بھارت کے سخت موقف میں نرمی کا کوئی امکان نہیں ۔

ایک انٹرویومیں احسان مانی نے کہا کہ اس سلسلے میں بہت زیادہ منافقت سے کام لیا جا رہا ہے ،ْ بھارت ہم سے آئی سی سی کے مقابلوں میں تو کھیلتا ہے لیکن دوطرفہ سیریز نہیں ،ْ اس معاملے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز سے دونوں ملکوں کے بورڈز کو بہت زیادہ مالی فائدہ حاصل ہوتا ہے تاہم ہم مالی فائدے کی وجہ سے دوطرفہ سیریز کی بحالی نہیں چاہتے بلکہ اگر وسیع تر تناظر میں دیکھا جائے تو اس سے کھیل کو بہت زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے میچ کو دیکھنے والے دنیا میں سب سے زیادہ ہوتے ہیں لہٰذا اگر بھارتی حکومت اپنے عوام کو ان سنسنی خیز مقابلوں سے محروم رکھنا چاہتی ہے تو یہ ان کی مرضی ہے۔پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ آئندہ سال ہونے والے عام انتخابات کی وجہ سے بھارت کے سخت موقف میں نرمی کا کوئی امکان نہیں لیکن بھارتی حکومت زیادہ عرصے تک روایتی حریفوں کے درمیان سیریز کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں بہتری میں کرکٹ اہم کردار ادا کر سکتی ہے کیونکہ اس کے ذریعے سے لوگوں کو ایک دوسرے رابطے اور بات کرنے کا موقع ملتا ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں بھارتی شائقین پاکستان آتے ہیں اور خوشی خوشی وطن واپس جاتے ہیں۔احسان مانی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدہ تعلقات کو کھیل اور ثقافت کے ذریعے بحال کرنے سے بہتر کوئی اور راستہ نہیں اور میرے خیال میں اگر کھیل کی بہتری کی بات کی جائے تو کوئی بھی بھاری رقم اس سے اہم نہیں ہو سکتی تاہم انہوں نے واضح کیا کہ دوطرفہ سیریز کی اہمیت کے باوجود پاکستان بھارت سے کھیلنے کیلئے اس کے پیچھے نہیں بھاگے گا، اگر وہ ہم سے کھیلنا چاہتے ہیں تو ہمیں بتائیں، اگر نہیں کھیلنا چاہتے تو ہمیں بھی کوئی مسئلہ نہیں لیکن ہم ان سے کھیلنے کے لیے بھیک نہیں مانگیں گے۔

وقت اشاعت : 17/10/2018 - 14:44:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :