پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں تین میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ میں کل آمنے سامنے ہوں گی،

پاکستان کو تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری

جمعرات 25 اکتوبر 2018 12:16

ْدبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2018ء) پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین بین الاقوامی ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ کل جمعہ کو دبئی میں کھیلا جائیگا۔ پاکستان ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ پاکستان ٹیم نے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں کینگروز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 66 رنز سے شکست دے کر برتری حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان کی ٹیم نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کی ٹیم کو 1-0 سے شکست دی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا جبکہ دوسرے اور آخری میچ میں پاکستان کی ٹیم نے آسٹریلیا کی ٹیم کو بڑے مارجن 373 رنز سے شکست دے کر سیریز جیتی تھی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ٹی ٹونٹی فارمیٹ کی کرکٹ میں پاکستان کو آسٹریلیا پر برتری حاصل ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 18 میچز کھیلے گئے جن میں سے پاکستان نے 10 میچز اپنے نام کئے اور 7 میں آسٹریلوی ٹیم کامیاب رہی جبکہ ایک میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ہی ختم ہوگیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے قائد سرفراز احمد نے کہا کہ وہ آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی میں کامیابی پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم نے اپنی کارکردگی کو برقرار رکھا تو ٹی ٹونٹی سیریز بھی اپنے نام کریں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ (آج) 26 اکتوبر کو کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری میچ 28 اکتوبر کو دبئی میں ہی کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 25/10/2018 - 12:16:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :