علیم ڈار نے تیز بارش میں جینٹل مینز کے کھیل میں روایات کو زندہ کردیا

سوشل میڈیا پر پاکستانی امپائر کے چرچے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 25 اکتوبر 2018 16:01

علیم ڈار نے تیز بارش میں جینٹل مینز کے کھیل میں روایات کو زندہ کردیا
کولمبو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25اکتوبر2018ء) سری لنکا اورانگلینڈ کے درمیان پانچویں ون ڈے میں علیم ڈار کے فیصلے کی دھوم مچ گئی۔سوشل میڈیا پر بھی لوگوں نے پاکستانی ایمپائر کی خوب تعریف کی۔سری لنکا اورانگلینڈ کے درمیان پانچویں ون ڈے میں دلچسپ واقعہ پیش آیا۔50سالہ علیم ڈار نے انگلش پیسر لیام پلنکٹ کو ایل بی ڈبلیو آﺅٹ قراردیا توپلنکٹ نے ریویولے لیاجس کے بعد تیزبارش شروع ہوگئی۔

اس دوران دونوں ٹیمیں اورامپائرباہرجاچکے تھے لیکن علیم ڈار اپنا فیصلہ دیکر ہی گراﺅنڈ سے باہر گئے۔ سوشل میڈیا پربھی علیم ڈار کی خوب پذیرائی کی گئی ۔ علیم ڈار اپنے درست فیصلوں کی وجہ سے کرکٹ کے میدانوں میں ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔یاد رہے کہ سری لنکا نے ون ڈے سیریز کے 5ویں اور آخری میچ میں انگلینڈ کو ڈی ایل میتھڈ پر 219رنز سے شکست دیکر پہلی کامیابی حاصل کرلی تاہم سیریز 1-3سے انگلینڈ کے نام رہی ،پہلا ون ڈے میچ بارش کی نذر ہواتھا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6وکٹوں پر 366رنز بنائے ،مرد میدان نیروشن ڈیکویلا نے 95رنز کی اننگز کھیلی۔چندی مل نے 80،کوشل مینڈس نے 56اورسدیرا سماراوکرما نے 54رنز بنائے۔بارش آجانے پر انگلینڈ کو 26.1اوور میں 352رنز کا ہدف ملا تاہم ان سے 9وکٹوں پر 132رنز بن سکے۔یاد رہے کہ علیم ڈار نے اب تک تقریباً 400 بین الاقوامی میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیئے ہیں۔

علیم ڈار نے اپنے امپائرنگ کیریئر کا انٹرنیشنل ڈیبیو 2000 ءمیں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ سے کیا اور 18 سالہ کیریئر میں وہ لگاتار تین سال 2009ء، 2010 ءاور 2011 ءمیں آئی سی سی کے بہترین امپائر قرار پائے تھے۔پاکستانی امپائر کے علاوہ جنوبی افریقہ کے روڈی کرٹزن 331، ویسٹ انڈیز کے سٹیو بکنر اور نیوزی لینڈ کے بلی باﺅڈن 309 ،309انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کا اعزاز رکھتے ہیں۔
وقت اشاعت : 25/10/2018 - 16:01:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :