تیسرا ون ڈے ، پاکستان نے نیوزی لینڈ کیخلاف ٹاس جیت لیا

دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں شام 4 بجے مدمقابل ہوں گی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 11 نومبر 2018 15:32

تیسرا ون ڈے ، پاکستان نے نیوزی لینڈ کیخلاف ٹاس جیت لیا
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11نومبر2018ء) 3 ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کے آخری اور فیصلہ کن مقابلے میں پاکستان نے نیو زی لینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنیکافیصلہ کیا ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز 1-1سے برابر ہے اور ٹرافی اپنے نام کرنے کے لیے آج کا میچ جیتنا لازمی ہوگا۔سیریز کا فیصلہ کن میچ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہوگا، اس سے قبل سیریز کے دونوں میچز ابوظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلے گئے۔

سیریز کے فائنل کے لیے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم کا انتخاب کیا گیا جہاں اب تک دونوں ٹیمیں ایک مرتبہ مدمقابل آئیں اور اس میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی۔2003 ءسے باہمی سیریز کے فیصلہ کن معرکوں میں پاکستان کا ریکارڈ انتہائی مایوس کن ہے، ایسے 15 سیریز فائنل میچز میں سے گرین شرٹس کو 12 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ تین میں سے 2 فتوحات انھیں زمبابوے اور ویسٹ انڈیز کےخلاف ہی حاصل ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تک 21 ون ڈے سیریز کھیلی جاچکی ہیں جس میں سے 13 کیویز اور 7 سیریز میں شاہینوں نے کامیابی حاصل کی، اس وقت گرین شرٹس کے حوصلے کافی بلند اور پلیئرز 7برس بعد نیوزی لینڈ پر پہلی ون ڈے سیریز کامیابی کیلئے کافی پراعتماد ہیں ،گزشتہ میچ میں شاہین شاہ آفریدی نے شاندار پرفارم کیا جبکہ اوپنر فخر زمان بھی ایک بار پھر فارم میں دکھائی دیے البتہ فاسٹ باﺅلر حسن علی کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے جنھوں نے رواں برس 14 میچز میں صرف 19 وکٹیں لی ہیں،ان کی ون ڈے ایوریج 34 اور اکانومی ریٹ 5.70 سے اوپر رہا ہے، اگر زمبابوے کےخلاف تین ون ڈے میچز کی پرفارمنس نکال دی جائے تو اکانومی ریٹ 6 سے زائد اور ایوریج 40 کو پار کرتی ہوئی دکھائی دیتی ہے۔

جمعے کو لوکی فرگوسن کا باﺅنسر ہیلمٹ پر لگنے سے زخمی ہونے والے امام الحق آج کے میچ شامل نہیں ہیں جبکہ عماد وسیم بھی آج پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں ہیں اور آصف علی اور حارث سہیل کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ، اس صورت میں فخر زمان کےساتھ محمد حفیظ اوپننگ کریں گے۔ادھر کیوی کپتان کین ولیمسن زخمی ہونے کے باعث آج کا میچ نہیں کھیل رہے اور انکی جگہ بی جے واٹلنگ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ 
وقت اشاعت : 11/11/2018 - 15:32:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :