تیسرا ون ڈے ،پاکستا ن نے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے ہدف دیدیا

بابر اعظم ،فخر زمان اور حارث سہیل کی نصف سنچریاں،فرگوسن کی 5وکٹیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 11 نومبر 2018 19:31

تیسرا ون ڈے ،پاکستا ن نے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے ہدف دیدیا
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11نومبر2018ء) 3 ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کے آخری اور فیصلہ کن مقابلے میں پاکستان نے نیو زی لینڈ کو جیت کےلئے 280رنز کا ہدف دے دیا ہے۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اوپنر فخر زمان اور محمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا۔دونوں کھلاڑیوں نے پہلی وکٹ کےلئے ٹیم کو64رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد محمد حفیظ لوکی فرگوسن کی ایک گیند کو لیگ سائیڈ کی جانب کھیلتے ہوئے توازن کھو بیٹھے اور ہٹ وکٹ آﺅٹ ہوگئے ، وہ ہٹ وکٹ آﺅٹ ہونےوالے پانچویں پاکستانی بلے باز بنے،وہ اس انداز سے آﺅٹ ہونےوالے پہلے قومی اوپنر بھی ہیں ۔

فخرزمان اپنے ون ڈے کیریئر کی 8ویں نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد65رنز بنا کر کولن ڈی گرینڈ ہوم کی گیند پر آﺅٹ ہوئے ،حارث سہیل نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی10ویں نصف سنچری مکمل کی جس کے بعد وہ 60رنز بنا کر لوکی فرگوسن کی دوسری وکٹ بنے ،شعیب ملک 18رنز بنا کر میٹ ہنری کی گیند پر آﺅٹ ہوئے ،بابر اعظم اپنی9ویں ون ڈے سنچری مکمل نہ کرسکے اور92رنز بنا کر ٹرینٹ بولٹ کے ہاتھوں پوویلین لوٹ گئے ،فہیم اشرف5رنز سکور کرکے لوکی فرگوسن کی سلو گیند پر بولڈ ہوئے ،آصف علی9رنز بنا کر فرگوسن کا چوتھا شکار بنے جبکہ حسن علی اننگزکی آخری گیند پر فرگوسن کی پانچویں وکٹ بنے،گرین شرٹس نے مقررہ50اوورز میں8وکٹوں پر279رنز بنائے۔

(جاری ہے)

دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز 1-1سے برابر ہے اور ٹرافی اپنے نام کرنے کے لیے آج کا میچ جیتنا لازمی ہوگا۔سیریز کا فیصلہ کن میچ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہوگا، اس سے قبل سیریز کے دونوں میچز ابوظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلے گئے۔سیریز کے فائنل کےلئے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم کا انتخاب کیا گیا جہاں اب تک دونوں ٹیمیں ایک مرتبہ مدمقابل آئیں اور اس میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی۔

2003 ءسے باہمی سیریز کے فیصلہ کن معرکوں میں پاکستان کا ریکارڈ انتہائی مایوس کن ہے، ایسے 15 سیریز فائنل میچز میں سے گرین شرٹس کو 12 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ تین میں سے 2 فتوحات انھیں زمبابوے اور ویسٹ انڈیز کےخلاف ہی حاصل ہوئی ہیں۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ابتک 21 ون ڈے سیریز کھیلی جاچکی ہیں جس میں سے 13 کیویز اور 7 سیریز میں شاہینوں نے کامیابی حاصل کی، اس وقت گرین شرٹس کے حوصلے کافی بلند اور پلیئرز 7برس بعد نیوزی لینڈ پر پہلی ون ڈے سیریز کامیابی کیلئے کافی پراعتماد ہیں ،گزشتہ میچ میں شاہین شاہ آفریدی نے شاندار پرفارم کیا جبکہ اوپنر فخر زمان بھی ایک بار پھر فارم میں دکھائی دیے البتہ فاسٹ باﺅلر حسن علی کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے جنھوں نے رواں برس 14 میچز میں صرف 19 وکٹیں لی ہیں،انکی ون ڈے ایوریج 34 اور اکانومی ریٹ 5.70 سے اوپر رہا ہے، اگر زمبابوے کےخلاف تین ون ڈے میچز کی پرفارمنس نکال دی جائے تو اکانومی ریٹ 6 سے زائد اور ایوریج 40 کو پار کرتی ہوئی دکھائی دیتی ہے۔

جمعے کو لوکی فرگوسن کا باﺅنسر ہیلمٹ پر لگنے سے زخمی ہونے والے امام الحق آج کے میچ شامل نہیں ہیں جبکہ عماد وسیم بھی آج پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں ہیں اور آصف علی اور حارث سہیل کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ، اس صورت میں فخر زمان کےساتھ محمد حفیظ اوپننگ کریں گے۔ادھر کیوی کپتان کین ولیمسن زخمی ہونے کے باعث آج کا میچ نہیں کھیل رہے اور انکی جگہ بی جے واٹلنگ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ 
وقت اشاعت : 11/11/2018 - 19:31:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :