گریٹ افواج پاکستان مشن ردالفساد زندہ باد سائیکل ریس ٹیم لیاری ٹائیگر کے محمد عرفان بلوچ نے جیت لی

پیر 12 نومبر 2018 19:35

گریٹ افواج پاکستان مشن ردالفساد زندہ باد سائیکل ریس ٹیم لیاری ٹائیگر کے محمد عرفان بلوچ نے جیت لی
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2018ء) پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر ادریس حیدر خواجہ کی ہدایت پر اور سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ملک کلیم احمد اعوان کی سپر ویژن میں ہونے والی 100 کلومیٹر طویل ’’گریٹ افواج پاکستان مشن ردالفساد و ڈیم مشن زندہ باد سائیکل ریس‘‘ ٹیم لیاری ٹائیگر کے عرفان بلوچ نے 3 گھنٹہ 18 منٹ میں جیت لی۔

ٹیم کراچی ایکسپریس کی اسپانسر شپ میں ہونے والی سائیکل ریس کا افتتاح گلبائی فلائی اوور ماڑی پورروڈ سے ٹیم کراچی ایکسپریس کے منیب میر اور پاکستان ایڈونچر سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر عرفان حنیف نے فلیگ لہرا کر مشترکہ طور پر کیا۔ خطبہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے چیف آرگنائزر کلیم اعوان نے ٹیم کراچی ایکسپریس کے تمام عہدیداران کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے اس سائیکل ریس کے فاتحین کے لئے ملازمت دینے کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

سائیکل ریس مقام آغاز سے روانہ ہوکر شیر شاہ بلدیہ ٹاؤن مواچھ گوٹھ، موچکو، حب بلوچستان، گڈانی موڑ اور ناکہ کراری کوسٹ گارڈ چیک پوسٹ تک گئی اور پھر واپس حب سے پہلے باوانی مدرسہ کے سامنے کراچی کوئٹہ مین شاہراہ پر ختم ہوئی۔ ٹیم ملیر ٹائیگر کے اشعر بلوچ نے مائیکرو سیکنڈ کے فرق سے دوسری اور ٹیم لیاری ٹائیگر کے محمد حسین بلوچ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

سائیکلسٹوں اور منتظمین کی حفاظت کے لئے پاکستان رینجرز، سندھ پولیس، فرنٹیئر کانسٹیبلری اور سندھ و بلوچستان ٹریفک پولیس نے سیکورٹی انتظامات کئے تھے۔ ریس کے چیف جج انٹرنیشنل سائیکلسٹ محمد سہیبل بلوچ تھے جبکہ دیگر ججز میں سجاد بلوچ، نعیم کالو، سراج منیر، ساجدی جی ٹی شامل تھے۔ تقریب تقسیم انعامات آئندہ ہفتے ہو گی۔
وقت اشاعت : 12/11/2018 - 19:35:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :