جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کردیا گیا

فاسٹ باﺅلر محمد عامر،فخر زمان،شاداب خان کی 16رکنی سکواڈ میں واپسی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 7 دسمبر 2018 15:50

جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کردیا گیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7 دسمبر2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے دورہ جنوبی افریقہ میں تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے 16رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا ہے ، فاسٹ باﺅلر محمد عامر کی ایک بار پھر ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جب کہ شان مسعود اور محمد رضوان کو بھی پاکستان اے ٹیم کی جانب سے شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کرنے کا صلہ مل گیا ہے ، عابد علی پرفارمنس دکھا کر بھی ٹیم کا حصہ نہیں بن پائے ہیں جب کہ آف سپنر بلا ل آصف کو سکواڈ سے راپ کردیا گیا ہے ،نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے قبل کندھے کی انجری کا شکار ہونے والے فاسٹ باﺅلر محمد عباس بھی سکواڈ میں شامل ہیں جب کہ گھٹنے کی انجری سے چھٹکارہ پانے والے جارح مزاج اوپنر فخر زمان اور گروئن انجری کے باعث ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ نہ بن پانے والے شاداب خان کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

اس اہم دورے پر ٹیم کی قیادت سرفراز احمد ہوں گے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں امام الحق ، اظہر علی ، شان مسعود،اسد شفیق ،بابر اعظم ، محمد عامر ، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی ، محمد عباس ، حارث سہیل، فخر زمان ،محمد رضوان ،شاداب خان ، یاسر شاہ اور فہیم اشرف شامل ہیں ۔ یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان کے خلاف رواں ماہ شروع ہونے والی تین ٹیسٹ کی سیریز کے لیے جنوبی افریقہ نے 13 رکنی سکواڈ کا اعلان کیا تھا۔

پروٹیز ٹیم کی قیادت فاف ڈوپلیسی کریں گے اور ٹیم میں فاف ڈوپلیسی (کپتان)، ہاشم آملہ، ٹیمبا باووما، تھیونس ڈی بروین،کوئنٹن ڈی کوک، ڈین ایلگر، زبیر حمزہ، کیشو مہاراج، ایڈن مارکرم، ڈوان اولیویئر، ورنن فلینڈر، کگیسوربادا اور ڈیل سٹین شامل ہیں۔سیریز کا پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے سینچورین میں کھیلا جائے گا جس کے بعد گرین شرٹس نے پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنی ہے۔

وقت اشاعت : 07/12/2018 - 15:50:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :