آئندہ ماہ پاکستان اور نیپال کے مابین انٹرلوپ فرسٹ انٹرنیشنل ویمن بلائنڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ پانچ میچوں کی سیریز میں اسلام آباد میں ہونے والے میچوں کیلئے انتظامات مکمل، سیّد سلطان شاہ

بدھ 23 جنوری 2019 14:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2019ء) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے آئندہ ماہ پاکستان اور نیپال کے مابین انٹرلوپ فرسٹ انٹرنیشنل ویمن بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹپانچ میچوں کیسیریز میں اسلام آباد میں ہونے والے میچوں کے لئے انتظامات مکمل کرلیئے گئے ہیں۔ غیر ملکی خواتین ٹیم کو بھرپور سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔ نیپال کی ویمنز بلائندکرکٹ ٹیم 27 جنوری کو براستہ واہگہ بارڈر لاہور پہنچے گی۔

پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سیّد سلطان شاہ نے بدھ کو ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ پاکستان اور نیپال کے مابین پانچ میچوں کی سیریز پاکستان میں کھیلی جائے گی جس میں دو میچز اسلام آباد کے شالیمار کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے جائیں گے جس کیلئے وزارت داخلہ کی جانب سے غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھرپور سیکورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین 3 اور 4 فروری کو شالیمار کرکٹ گرائونڈ میں سیریز کے دو میچ کھیلے جائیں گے جس کیلئے پی بی سی سی نے انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانچ میچز پر مشتمل سیریزکی افتتاحی تقریب 28 جنوری کو لاہورکے الحمرا ہال میں منعقد ہو گی جس کیلئے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کو بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی دعوت دی ہے۔

سیریز کا افتتاحی میچ 29 جنوری کو لاہورکے کنیئرڈ کالج ویمن یونیورسٹی میں کھیلا جائے گا۔ اس میچ میں مہمان خصوصی کیلئے گورنر پنجاب چوہدری سرور کو مدعو کیا گیا ہے۔ 31 جنوری کو دوسرا میچ اقبال سٹیڈیم فیصل آباد جبکہ یکم فروی کو تیسرا میچ ڈویژنل پبلک سکول گرائونڈ فیصل آباد میں ہو گا جبکہ سیریز کا چوتھا اور پانچواں میچ3 اور 4 فروری کو اسلام آبادکے شالیمار کرکٹ سٹیڈیم پر منعقد ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ نیپال کی 22 رکنی خواتین کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم 27 جنوری کو پاکستان کے دورہ پر آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ نے اس سیریز کو پہلی بین الاقوامی سیریز قرار دیا ہے۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی بلائنڈ خواتین ٹیموں کے درمیان جو سیریز کھیلی گئی تھی، اس کی منظوری ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ سے نہیں لی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) کے زیر اہتمام نیپال کے خلاف 5 میچوں کی سیریز کی تیاری کیلئے قومی بلائنڈ خواتین کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ بہاولپور میں جاری ہے۔ کیمپ میں منتخب شدہ 15کھلاڑی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ تربیتی کیمپ میں جو کھلاڑی تربیت حاصل کر رہے ہیں ان میں قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی کپتان رابیعہ شہزادی، صباح گل، اقصیٰ عارف، بشرہ ظہور، سمیہ ممتاز، انیلا شہزادی، سعدیہ خالد، مہوش رفیق، نمرہ رفیق، رابیعہ جاوید، نشہ بخش، بسمہ حسین، کرن رفیق، طیبہ بانو اور ارم شہزادی شامل ہیں اور انہیں ہیڈ کوچ نفیس احمد، اسسٹنٹ کوچ بختاور اور ٹرینر شاہدہ جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت دے رہے ہیں۔ قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 26 جنوری تک جاری رہے گا۔
وقت اشاعت : 23/01/2019 - 14:39:36

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :