شعیب ملک نے ٹی ٹونٹی کیریئر میں وہ کارنامہ سر انجام دےدیا جو اے بی ڈیویلیئرز یا ویرات کوہلی بھی نہیں کرسکے

ٹی ٹونٹی کرکٹ میں کیچز کی نصف سنچری مکمل کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 7 فروری 2019 13:19

شعیب ملک نے ٹی ٹونٹی کیریئر میں وہ کارنامہ سر انجام دےدیا جو اے بی ڈیویلیئرز یا ویرات کوہلی بھی نہیں کرسکے
سنچورین(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7فروری2019ء) قومی ٹیم کے سینئر کھلاڑی شعیب ملک نے اپنے ٹی ٹونٹی کیریئر میں وہ کارنامہ سر انجام دے دیا ہے جو ا ے بی ڈیویلیئرز یا ویرات کوہلی بھی نہیں کرسکے تھے ۔ شعیب ملک نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹی ٹونٹی مقابلے کے دوران اپنے111ویں میچ میں 50واں کیچ تھاما جس کے ساتھ ہی وہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں بطور فیلڈر کیچز کی نصف سنچری مکمل کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں ، اس فہرست میں جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ملر45کیچز کے ساتھ دوسرے اور سابق پروٹیز کپتان اے بی ڈیویلیئرز44کیچز تھام کر تیسرے نمبر پر موجود ہیں،بھارت کے ویرات کوہلی نے65میچز میں33کیچز تھامے تھے۔

یاد رہے کہ ٹی ٹونٹی سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 27 رنز سے شکست دے دی۔

(جاری ہے)

سنچورین میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان کے 169 رنز کے جواب میں میزبان ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 141 رنز ہی بنا سکی، مڈل آڈر بیٹسمین وینڈر ڈوسن 41 اور مورس55 رنز بنا کر نمایاں رہے، ہینڈرکس 5، ملان اور کلاسن 2، 2 جب کہ کپتان ملر13، پھلکوایو 10، اوربی ہینڈرکس3 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے 3، فہیم اشرف اور شاداب خان نے 2،2 جب کہ عماد وسیم اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔قبل ازیں جنوبی افریقی کپتان ڈیوڈ ملر نے ٹاس جیتا اور پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، قومی ٹیم کے بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے غیر ذمہ دارانہ شارٹس کھیلے اور تیز رفتاری سے سکور میں اضافے کی وجہ سے وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے رہے۔

گرین شرٹس نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 168 رنز بنائے، شاداب خان نے آخری اوور میں 3 شاندار چھکوں کی مدد سے 21 رنز بناکر ٹیم کو فائٹنگ ہدف تک پہنچایا، شاداب خان نے 8 گیندوں پر 22 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، محمد رضوان 26 اور آصف علی 25 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ بابر اعظم نے 23، فخرزمان نے 17، شعیب ملک نے 18،حسین طلعت 3، عماد وسیم 19،فہیم اشرف 4 اور محمد عامر بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہوئے۔

جنوبی افریقا کے سب سے کامیاب بولر ہینڈرکس رہے جنہوں نے 4 شکار کیے، مورس کے حصے میں 2، سپملا اور پھلکوایو کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔اس میچ کے لیے میزبان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ قومی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی تھیں، عثمان شنواری اور حسن علی کی جگہ محمد عامر اور فہیم اشرف کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ جنوبی افریقا دو ٹی ٹونٹی میچز میں شکست دے کر سیریز اپنے نام کرچکی ہے، پہلے دونوں میچوں میں ہدف کے تعاقب کرتے ہوئے گرین کیپس بھرپور مقابلے کے باوجود فتح سے ہمکنار ہونے میں ناکام رہی۔
وقت اشاعت : 07/02/2019 - 13:19:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :