خوشی ہوگی اگر لاہور قلندر اور کراچی کنگز پی ایس ایل کا فائنل میچ کراچی شہر میں کھیلیں،وزیراعلیٰ سندھ

پورا سندھ ذہانت سے بھرا ہوا ہے آپ یہاں سے بھی ٹیلنٹ ہنٹ کریں ،چیئرمین لاہور قلند ر سے ملاقات میں گفتگو

ہفتہ 9 فروری 2019 19:58

خوشی ہوگی اگر لاہور قلندر اور کراچی کنگز پی ایس ایل کا فائنل میچ کراچی شہر میں کھیلیں،وزیراعلیٰ سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 فروری2019ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ انہیں خوشی ہوگی اگر لاہور قلندر اور کراچی کنگز پی ایس ایل کا فائنل میچ کراچی شہر میں کھیلیں۔ انہوں نے یہ بات ہفتہ کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 2019 )کے ایک وفد جس کی سربراہی لاہور قلندر کے اونر فواد رانا کر رہے تھے سے ملاقات کے فورا بعد میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کہی۔

فواد رانا نے اپنی ٹیم کی آفیشل ٹی شرٹ جس پر نمبر 1 مراد علی شاہ درج تھا وزیراعلی سندھ کو پیش کی۔ انہوں نے وزیراعلی سندھ کا پی ایس ایل کو پاکستان باالخصوص کراچی لانے کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے گذشتہ سال پی ایس ایل کا انعقاد کرایا تھا اور آپ نے اب اسے اس شہر کا ایک باقاعدہ فیچر بنا دیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ نے فواد رانا سے کہا کہ پورا سندھ ذہانت سے بھرا ہوا ہے آپ یہاں سے بھی ٹیلنٹ ہنٹ کریں اور بالاخصوص لعل شہباز کی نگری سہیون جس کے نام پر آپ نے اپنی ٹیم کا نام بھی رکھا ہے وہاں پہ ٹیلنٹ کی تلاش کا کام شروع کریں اور انہیں ٹیم میں شامل بھی کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال صرف ایک پی ایس ایل کا میچ کراچی میں کھیلا گیا تھا اور اس سال پانچ میچز یہاں کھیلے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پی ایس ایل کی میچز کی میزبانی کے حوالے سے بہت پرجوش ہیں اور صوبہ سندھ کے لوگ بے چینی کے ساتھ اس ایونٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔ مراد علی شاہ نے کہاکہ پی ایس ایل کے میچز کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔
وقت اشاعت : 09/02/2019 - 19:58:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :