ورلڈ کپ2019ء، پاکستان نے بھارت کیخلاف ٹاس جیت لیا

پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیوں کا فیصلہ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 16 جون 2019 14:05

ورلڈ کپ2019ء، پاکستان نے بھارت کیخلاف ٹاس جیت لیا
مانچسٹر(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 جون2019ء) دنیائے کرکٹ کے سب سے مقابلے میں پاکستان نے بھارت کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنیکا فیصلہ کیا ہے ۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔ٹاس جیتنے کے بعد سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پچ پر نمی دکھائی دے رہی ہے اس لیے پہلے بولنگ کرنا مفید ثابت ہوسکتا ہے۔کروڑوں شائقین ٹی وی سکرین کے سامنے اس میچ کے منتظر ہیں اور وہیں ہزاروں اولڈ ٹریفورڈ گراﺅنڈ کے اندر اور باہر موجود ہیں۔

بھارت کے خلاف قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، شاہین شاہ آفریدی اور آصف علی کی جگہ سپنر شاداب خان اور عماد وسیم کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔قومی ٹیم امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، کپتان سرفراز احمد، شعیب ملک، شاداب خان، عماد وسیم، محمد عامر، وہاب ریاض اور حسن علی پر مشتمل ہے۔

(جاری ہے)

ہر چار سال بعد آنےوالے کرکٹ ورلڈ کپ کی جنگ میں اب تک جیت صرف بھارت کی ہوئی ہے، یہ دونوں ٹیمیں اب تک 6 بار آمنے سامنے آئی ہیں اور ہر بار پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

برطانیہ کے محکمہ موسمیات نے شائقین کرکٹ کو پریشان کر رکھا ہے، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آج بارش کا خدشہ ہے، ہفتے کو بھی بارش کی وجہ سے پاکستان کرکٹ ٹیم کا ٹریننگ سیشن متاثر ہوا اور ٹیمیں انڈور نیٹ پریکٹس تک محدود رہیں۔برطانوی محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو دن12 بجے بارش کے 50فیصد امکانات ہیں جو ایک بجے کے لگ بھگ بڑھ کر ستر فیصد جبکہ دو بجے سے پانچ بجے تک 60 فیصد ہیں ،چھ بجے بارش کے80 فیصد امکانات ہیں۔

ورلڈ کپ میں خراب موسم اور بارش کی وجہ سے اب تک چار میچز بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہوچکے ہیں جسکی وجہ سے شائقین کرکٹ کو مایوسی اور آئی سی سی کو تنقید کا سامنا ہے کہ اس نے میچز کا ریزرو ڈے کیوں نہیں رکھا۔خیال رہے کہ انگلینڈ میں جاری ورلڈکپ میں پاکستان نے اب تک 4 میچز کھیلے ہیں جس میں اسے 2 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میں کامیابی حاصل ہوئی اور ایک میچ بارش کی نذر ہو گیا۔پاکستان ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر 3 پوائنٹس ساتھ 9ویں نمبر پر موجود ہے جبکہ بھارت 5 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔
وقت اشاعت : 16/06/2019 - 14:05:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :