بھارت کیخلاف سرفرازاحمد کی پرفارمنس پر سچن ٹنڈولکر نے بہترین تبصرہ کردیا

سرفرازا حمد کنفیوز تھے اور ان کے پاس بھارت کیخلاف گیم پلان ہی نہیں تھا:لیجنڈری کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 17 جون 2019 13:29

بھارت کیخلاف سرفرازاحمد کی پرفارمنس پر سچن ٹنڈولکر نے بہترین تبصرہ کردیا
مانچسٹر(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جون2019ء) پاکستان کو بھارت نے ورلڈ کپ کے میچ میں عبرتناک شکست سے دوچار کردیا اور اب پاکستانی کپتان سرفرازاحمد کی کارکردگی پر بھارت کے لیجنڈ کرکٹر سچن ٹنڈ ولکر نے بھی تبصرہ کردیا۔سچن ٹنڈولکر کا خیال ہے کہ سرفرازا حمد کنفیوز تھے اور ان کے پاس مضبوط ٹیم بھارت کیخلاف گیم پلان ہی نہیں تھاجس کا نتیجہ یہ نکلا کہ بھارتی ٹیم نے 89رنز سے شکست دیدی۔

سچن ٹنڈولکر کاکہناتھاکہ ’میرا خیال تھا کہ سرفراز کنفیوز ہے کیونکہ جب وہاب ریاض باﺅلنگ کررہاتھا تو اس کے سامنے شارٹ مڈ وکٹ موجود تھی اور جب شاداب خان باﺅلنگ کرانے آیا تو اس کیلئے سلپ موجود تھی ، ان حالات میں ایک لیگ سپنر کیلئے بال پر کنٹرول مشکل ہوجاتاہے ، خاص طورپر اس وقت جب اسے درست لائن اور لینتھ نہیں ملتی ، یہ ایک بڑا میچ کھیلنے کا کوئی درست طریقہ نہیں ‘۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اگر گیند زیادہ نہیں گھوم رہی توآپ وکٹ پر باﺅلنگ کرانا جاری نہیں رکھ سکتے لیکن ایسا کرنے میں انہوں نے بہت تاخیر کردی ، ان کے پاس دور تک سوچ ہی نہیں تھی ، حسن واحد کھلاڑی تھا جودرست باﺅلنگ کررہاتھا ، انہیں اینگل بدل کر کچھ نیا کرنا چاہیے تھا، میچ کے دوران میرا کبھی یہ خیال نہیں رہا کہ ہم وکٹیں گنوائیں گے،میں اگر پاکستان کا کپتان ہوتا تو کچھ نیا کرتا۔

بھارت کیخلاف پاکستانی پیسر محمد عامر کا بھی لائن اور لینتھ پر کنٹرول نہیں تھا، وہاب اور حسن علی سے اپنی لینتھ بھی برقرارنہیں رہ پارہی تھی ،یہی وہ لمحہ تھا جب بھارتی ٹیم اپنے قدم جما گئی اور دس اوورز کے بعد کھل کر کھیلے۔ پاکستان کے عماد وسیم اور شاداب خان بھی پریشر میں نہیں کھیل پائے۔ دوسری طرف بھارت کی شاندار پرفارمنس رہی جنہوں نے پاکستان کو جیت کے لیے 337رنز کا پہاڑ جیساہدف دے دیاجسے بالآخر پاکستانی ٹیم چیز کرنے میں ناکام رہی۔ بھارت کا اگلا میچ ہفتے کو افغانستان کیخلاف جبکہ پاکستان کا اتوار کو جنوبی افریقہ کیخلاف ہوگا۔ 

وقت اشاعت : 17/06/2019 - 13:29:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :