قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہائی پرفارمنس کیمپ کا آغاز پیر سے ہوگا، کیمپ کا مقصد جنوبی افریقہ کے خلاف سر یز میں شریک کھلاڑیوں کی خامیوں پر قابو پانا ہے، علی ضیاء

ہفتہ 20 جولائی 2019 13:14

قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہائی پرفارمنس کیمپ کا آغاز پیر سے ہوگا، کیمپ کا مقصد جنوبی افریقہ کے خلاف سر یز میں شریک کھلاڑیوں کی خامیوں پر قابو پانا ہے، علی ضیاء
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2019ء) قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں پر مشتمل پی سی بی کا ہائی پرفارمنس کیمپ 22 جولائی سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہورمیں شروع ہوگا۔ کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی خامیوں پر قابو پانے کی کوشش کی جائے گی۔کیمپ میں شریک 17 کھلاڑی 21 جولائی کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں رپورٹ کریں گے۔کیمپ کا مقصد جنوبی افریقہ انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے خلاف وائٹ واش کرنے والے قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینا ہے۔

چھ ہفتوں پر مشتمل کیمپ کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔22 جولائی سے شروع ہونے والے کیمپ کا پہلا حصہ عید الضحیٰ سے قبل مکمل ہوجائے گا، جہاں تینوں فارمیٹ کے اعتبار سے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کے لیے خصوصی محنت کی جائے گی۔

(جاری ہے)

کیمپ کا دوسرا حصہ عید کی چھٹیوں کے بعد شروع ہوگا، جس میں مختلف پریکٹس میچز کا انعقاد کیا جائیگا۔ کیمپ کا مقصد قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو ستمبر میں شیڈول ایشیا کپ اورآئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 ء کے لیے بھی تیار کرنا ہے۔

اس موقع پرسینئر جنرل منیجر اکیڈمیز پی سی بی علی ضیاء کا کہنا ہے " ہم نے جنوبی افریقہ کے خلاف سربیز میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا ہے۔ کوچ کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ کی روشنی میں کھلاڑیوں کی خامیوں پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔"قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی تیاری کیلئے ریجنل اکیڈمیز کے کھلاڑیوں کو بھی کیمپ میں طلب کرنے پر غور کررہے ہیں۔

بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو قومی انڈر 19 سکواڈ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔علی ضیائ کا مزید کہنا ہے "بیٹسمینوں کی دفاعی قابلیت میں اضافہ کے لیے ہم کیمپ میں کھلاڑیوں کوخصوصی طور پر سرخ رنگ کے گیند سے بھی پریکٹس کروائیں گے۔ ایشیا کپ کے لیے قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے انتخاب کے لیے جونیئر سلیکشن کمیٹی بھی کیمپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے گی۔

جنوبی افریقہ میں ٹیم کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے سینئر جنرل منیجر اکیڈمیز پی سی بی نے کہا "میزبان ٹیم کے خلاف نوجوان کھلاڑیوں نیوائٹ واش کرکے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیاجو آئندہ سال جنوبی افریقہ میں شیڈول آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ کی تیاریوں کے لیے مددگارثابت ہوگا۔ اس سے قبل قومی کھلاڑیوں نے سری لنکا کی سپن پچز پر بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

ہائی پرفامنس کیمپ میں طلب کئے گئے کھلاڑیوں میں روحیل نذیر (اسلام آباد) ، حیدر علی (راولپنڈی) ، عباس آفریدی (فاٹا)، اختر شاہ (کوئٹہ) ، عامر علی (لاڑکانہ) ، باسط علی ( ملتان) ، فہد منیر (لاہور) ، عرفان نیازی (فیصل آباد) ، محمد عامر (پشاور) ، محمد حارث (پشاور) ، محمد وسیم (فاٹا) ، نسیم شاہ (لاہور) ، قاسم اکرم (لاہور) ، صائم ایوب (کراچی) ، شیراز خان (راولپنڈی) ، نیاز خان (پشاور) اور خیام خان (ایبٹ آباد) شامل ہیں۔ ریجنل اکیڈمیز میں اعلی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی کو بھی ہائی پرفارمنس کیمپ میں طلب کیا جاسکتا ہے۔
وقت اشاعت : 20/07/2019 - 13:14:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :