وقار یونس پاکستان کرکٹ ٹیم کا کوچ بننے کی دوڑ میں شامل ہوگئے

سابق کپتان نے باولنگ کوچ کے عہدے کیلئے باقاعدہ درخواست دے دی، بورے والا ایکسپریس اس سے قبل 2 مرتبہ ہیڈ کوچ اور 2 مرتبہ باولنگ کوچ رہ چکے ہیں

muhammad ali محمد علی جمعرات 22 اگست 2019 22:12

وقار یونس پاکستان کرکٹ ٹیم کا کوچ بننے کی دوڑ میں شامل ہوگئے
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22اگست2019ء) وقار یونس پاکستان کرکٹ ٹیم کا کوچ بننے کی دوڑ میں شامل ہوگئے، سابق کپتان نے باولنگ کوچ کے عہدے کیلئے باقاعدہ درخواست دے دی، بورے والا ایکسپریس اس سے قبل 2 مرتبہ ہیڈ کوچ اور 2 مرتبہ باولنگ کوچ رہ چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عظیم سابق پاکستانی کرکٹر وقار یونس قومی ٹیم کی کوچنگ کی دوڑ میں شامل ہوگئے ہیں۔

وقار یونس نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے باولنگ کوچ کے عہدے کیلئے پی سی بی کو باقاعدہ درخواست دے دی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پی سی بی کو کوچنگ کے عہدوں کیلئے موصول ہونے والی اب تک کی درخواستوں میں یہ سب سے ہائی پروفائل درخواست ہے۔ واضح رہے کہ وقار یونس اس سے قبل بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور باولنگ کوچ رہ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ پی سی بی کو قومی ٹیم کیلئے موزوں غیرملکی کوچ کی تلاش میں مشکلات کا سامنا ہے تاہم اب تک کسی ”بڑے نام“ کی جانب سے درخواست موصول نہیں ہوئی۔

پی سی بی نے گزشتہ دنوں نئے کوچنگ سٹاف کیلئے درخواستیں طلب کی تھیں،اس حوالے سے 26اگست تک کا وقت دیا گیا ہے، بعض آفیشلز کی خواہش ہے کہ کسی غیرملکی کو چیف کوچ بنایا جائے البتہ دیگر حکام کسی پاکستانی سابق کرکٹر کو ہی ذمہ داری سونپنا چاہتے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ بورڈ کو اس حوالے سے کافی درخواستیں موصول ہوئی ہیں، مگر کسی بڑے غیرملکی نام نے تاحال رابطہ نہیں کیا، بھارت اور بنگلہ دیش کی جانب سے ٹھکرائے ہوئے مائیک ہیسن نے بھی پاکستانی ٹیم کی کوچنگ سے انکار کردیا ہے ، سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈین جونز بھی درخواست جمع کرا چکے، البتہ بورڈ کے چند آفیشلز ان دونوں کو ذمہ داری سونپنے کے حق میں نہیں ہیں۔

بعض بڑے سابق کرکٹرز سے رابطہ بھی کیا گیا مگر وہ پہلے معاوضے کا پوچھتے ہیں جو ان کے لحاظ سے کم ہے۔ لہذا انکار کر دیتے ہیں،سیکیورٹی پر بھی تشویش ظاہر کی گئی، البتہ ابھی ایک ہفتہ باقی اور حکام کو امید ہے شاید کوئی مناسب کوچ مل جائے۔دوسری جانب محسن خان اورمصباح الحق کو ذمہ داری دلانے کیلئے بھی لابنگ جاری ہے،محسن کے بے لاگ تبصرے اور مصباح کی ناتجربہ کاری آفیشلزکی آنکھوں میں کھٹک رہی ہے،اس حوالے سے رواں ہفتے ہی صورتحال مزید واضح ہوگی۔

ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی بات چیت میں کوچنگ کے ایک امیدوار کی جانب سے یہ اعتراض سامنے آیا کہ کئی کرکٹرز ورلڈکپ کے دوران معمولی انجریز کا شکار تھے لہذا انھیں آرام کا موقع دینا چاہیے تھا،مگر بورڈ نے لیگز اور انگلش کرکٹ کیلئے این او سی دے دیا، گوکہ کیمپ لگنے والا ہے مگر پھر بھی انھیں بحالی فٹنس اور تیاریوں کیلئے کم وقت ملے گا، ایسے میں سری لنکا سے ٹیسٹ سیریز میں کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے۔
وقت اشاعت : 22/08/2019 - 22:12:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :