پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے حوالے سے لنکن کرکٹ بورڈ خاموش

ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میچز کے بعد ہی کچھ سوچیں گے:موہن ڈی سلوا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 21 ستمبر 2019 15:41

پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے حوالے سے لنکن کرکٹ بورڈ خاموش
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21ستمبر2019ء) دسمبر میں ٹیسٹ سیریز کے حوالے سے سری لنکا نے پاکستان کو کوئی یقین دہانی کرانے سے گریز کیا ہے۔ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں سری لنکن کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری موہن ڈی سلوا نے کہا کہ دورئہ پاکستان کیلئے گرین سگنل ملنا بڑی خوشی کی بات ہے، ہم سربراہ مملکت کے برابر سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی پر میزبان حکومت کے بھی مشکور ہیں، دونوں ملکوں میں دیرینہ تعلقات ہیں،چیئرمین پی سی بی احسان مانی میرے ذاتی دوست بھی ہیں۔

انھوں نے بطور چیئرمین آئی سی سی دور میں بھی سری لنکن کرکٹ کی بڑی مدد کی تھی، موہن ڈی سلوا نے کہا کہ پاکستانی شائقین کرکٹ سے پیار کرنے والے لوگ اور ہم انکا دکھ سمجھتے ہیں، جب سری لنکا پر مشکل وقت آیا اور ہم بھی اسی طرح کی صورتحال سے دوچار تھے تو پاکستان نے بہت مدد کی،خوشی کی بات ہے کہ ہم جواب میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں کردار ادا کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ سینئر کرکٹرز کا دورے سے انکار ذاتی فیصلہ تھا،البتہ باصلاحیت نوجوان کرکٹرز پر مشتمل مضبوط ٹیم پاکستان جا رہی ہے جو ڈٹ کر مقابلہ کرےگی،سیریز میں شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔دسمبر میں ٹیسٹ میچز کیلئے ٹیم بھجوانے کے سوال پر موہن ڈی سلوا نے کہا کہ اس حوالے سے میں ابھی تبصرہ نہیں کرسکتا،بہرحال ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میچز کا تجربہ دیکھیں گے،اسکے بعد باہمی روابط میں بعض معاملات کا جائزہ لینے کے بعد ہی کچھ کہا جا سکے گا۔یاد رہے کہ پاکستان اکتوبر میں سری لنکا کی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 2 میچز میں میزبانی کا خواہاں تھا لیکن بعد میں محدود اوورز کے مقابلے پہلے شیڈول کرلیے گئے، دسمبر میں ٹیسٹ میچز کے وینیو کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔
وقت اشاعت : 21/09/2019 - 15:41:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :