بہتر فرسٹ کلاس اوسط،فواد عالم نے رکی پونٹنگ،کوہلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

34سالہ بلے باز اب تک 11ہزار سے زیادہ فرسٹ کلاس رنز بنا چکے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 29 ستمبر 2019 18:18

بہتر فرسٹ کلاس اوسط،فواد عالم نے رکی پونٹنگ،کوہلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29ستمبر 2019ء) ایک عشرے کے دوران ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے ڈھیر لگانے والے باصلاحیت بیٹسمین فواد عالم اب بھی قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر مصباح الحق کے ”نظر کرم “ کے منتظر ہیں۔ بائیں ہاتھ کے بیٹسمین کو2009ءکے بعد ٹیسٹ،2015ءکے بعد ون ڈے جب کہ2010ءکے بعد کوئی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا ہے۔34 سالہ فواد عالم مئی 2017ءمیں یونس خان اور مصباح الحق کی ریٹائر منٹ کے بعد ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت کے مضبوط ترین امیدوار تھے تاہم اس وقت کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ان کی جگہ اپنے بھتیجے امام الحق کو قومی ٹیم میں سلیکٹ کرلیا۔

فواد عالم نے ابھی تک اس رویے کے باوجود ہار نہیں مانی ہے اورقائد اعظم ٹرافی میں سندھ کی نمائندگی کرتے ہوئے خیبر پختونخواہ کےخلاف 100رنز ناٹ آﺅٹ کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی صاحیتوں کا مظاہرہ کیا ۔

(جاری ہے)

فواد عالم اب تک157فرسٹ کلاس میچز میں 56.38کی اوسط سے 11559رنز سکور کرچکے ہیں جن میں31سنچریاں اور58نصف سنچریاں شامل ہیں اور اس وقت بھی کرکٹ کھیلنے والے پلیئرزکی فہرست میں بہترین اوسط کے لحاظ سے چوتھے نمبر پر موجود ہیں ،دورہ انگلینڈ کے دوران اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کرنےوالے بھارتی بلے باز ہنومن وہاری60.30کی اوسط سے ساتھ پہلے،بنگلہ دیشی بلے باز مصدق حسین59.86کی اوسط سے دوسرے اور سابق آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ 59.05کی اوسط کے ساتھ تیسرے نمبر پرموجود ہیں ،فوادعالم کی فرسٹ کلاس اوسط سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ (55.90) اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی (53.55) سے بھی زیادہ ہے۔

انہوں نے 2009 ءمیں سر ی لنکا کیخلاف اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اپنی دوسری ہی اننگز میں 168رنز کی شاندار باری کھیل ڈالی۔انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف نومبر 2009ءمیں ڈیونیڈن ٹیسٹ میں آخری مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی تاہم اس کے بعد انہیں ابھی تک قومی ٹیسٹ ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔
وقت اشاعت : 29/09/2019 - 18:18:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :