نئے کھلاڑیوں میں جان ہی نہیں، نیا ٹیلنٹ کہاں سے لائیں؟ مصباح الحق کا شعیب ملک اور محمد حفیظ کو آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں شامل کرنے کا عندیہ

سینیئر کھلاڑیوں کو الگ کرنے کی باتیں اتنی جلدی نہیں کرنی چاہئیں، نوجوان بیٹسمین لیگ اسپنر کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار نہیں: مصباح الحق

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 10 اکتوبر 2019 21:39

نئے کھلاڑیوں میں جان ہی نہیں، نیا ٹیلنٹ کہاں سے لائیں؟ مصباح الحق کا شعیب ملک اور محمد حفیظ کو آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں شامل کرنے کا عندیہ
لاہور (اردروپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10اکتوبر2019ء) شعیب ملک اور محمد حفیظ کو آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ سینیئر کھلاڑیوں کو الگ کرنے کی باتیں اتنی جلدی نہیں کرنی چاہئیں، نوجوان بیٹسمین لیگ اسپنر کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ دونوں سینیئر کھلاڑیوں شعیب ملک اور محمد حفیظ کو آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کیا جائے گا۔

کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے ٹیم کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمزور ٹیم کے خلاف تینوں میچز میں یک طرفہ ہار دھچکا ہے، سوچ رہا ہوں ٹیم کو کیا ہوگیا ہے۔ جس کے بعد انہیں شعیب ملک اور پروفیسر حفیظ کی بھی یاد آگئی ہے۔

(جاری ہے)

مصباح نے کہا کہ وہ دونوں کم از کم اسپنرز کو تو اچھا کھیلتے ہیں، نئے کھلاڑیوں میں جان ہی نہیں، نیا ٹیلنٹ کہاں سے لائیں، جو پرفارم کرے گا اسے چانس دیں گے۔

دوسری جانب گوجرانوالہ کی عدالت میں قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کے خلاف رٹ پٹیشن دائر کر دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق مصباح الحق کیخلاف رٹ پٹیشن ایڈو وکیٹ منظور قادر نے سول جج ابرار علی خان کی عدالت میں دائر کی ہے جس میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی، چیف ایگزیکٹو اور چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ مصباح الحق کو فریق بنایا گیاہے۔

ایڈوکیٹ کی جانب سے درخواست میں ماہانہ 32 لاکھ روپے تنخواہ پر اعتراض اٹھایا گیاہے ، درخواست گزار کا کہناہے کہ اس خطیر رقم سے غریبوں کیلئے یتیم خانہ کھولا جا سکتا ہے ، عوام کے پیسے کا بے دریغ استعمال نہیں ہونا چاہیے۔درخواست کے متن میں درج ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے شاہانہ اخراجات سے ہر پاکستانی متاثر ہورہا ہے،کرکٹ بورڈ کے کسی عہدیدار کی تنخواہ 5 لاکھ روپے سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔
وقت اشاعت : 10/10/2019 - 21:39:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :