اعصام الحق کا بھارت کےخلاف ڈیوس کپ سے دستبرداری کا فیصلہ

بھارت نے دھرنے کا بہانا بنا کر ایونٹ کی میزبانی سے محروم کیا ،انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے:پاکستانی سٹار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 18 نومبر 2019 16:13

اعصام الحق کا بھارت کےخلاف ڈیوس کپ سے دستبرداری کا فیصلہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18نومبر2019ء) پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق نے بڑا فیصلہ کر لیا، اعصام الحق بھارت کے خلاف احتجاجاً ڈیوس کپ ٹائی سے دست بردار ہو گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق اعصام الحق نے بھارت کے خلاف ڈیوس کپ سے دست برداری کا فیصلہ کر لیا ہے، ٹینس سٹار نے پاکستان ٹینس فیڈریشن کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا۔اعصام الحق کا کہنا تھا کہ وہ نیوٹرل وینیو پر احتجاجاً پاکستان ٹیم کا حصہ نہیں بنیں گے، بھارت نے دھرنے کا بہانا بنا کر ایونٹ کی میزبانی سے محروم کیا ہے، کھیل کو سیاست سے ملانا غلط ہے، آئی ٹی ایف (انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن) اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے۔

ٹینس اسٹار نے کہا کہ ڈیوس کپ کی منتقلی سے ہمارا مذاق اڑایا گیا ہے، آئی ٹی ایف کا سیکورٹی وفد پہلے ہی کلیئرنس دے چکا تھا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ بھارتی بلا خوف کرتارپور، ننکانہ صاحب اور ٹیکسلا آ رہے ہیں، برطانوی شاہی خاندان بھی پاکستان کا دورہ کر چکا ہے، ملکہ ہالینڈ بھی رواں ہفتے پاکستان آ رہی ہیں، بڑی تعداد میں بین الاقوامی مقابلے بھی پاکستان میں ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے میزبانی لینے کا کوئی جواز نہیں ہے، آئی ٹی ایف اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔یاد رہے کہ 5 نومبر کو آئی ٹی ایف نے ڈیوس کپ ٹائی کی میزبانی پاکستان سے یہ کہہ کر واپس لی تھی کہ اسے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی سکیورٹی سب سے زیادہ عزیز ہے، پاکستان میں دھرنے بھی جاری ہیں، سکیورٹی ماہرین کی تازہ رپورٹ کی روشنی میں ڈیوس کپ ٹائی کو نیوٹرل مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کا مقابلہ رواں ماہ کے اختتام پر 29 اور 30 نومبر کو اسلام آباد میں ہونا تھا۔
وقت اشاعت : 18/11/2019 - 16:13:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :