اے بی ڈویلیئرز کا ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے لیے واپسی کا اشارہ

ڈائریکٹر گریم سمتھ، کوچ مارک باؤچر اور کپتان فاف ڈوپلیسی سے رابطے میں ہوں ، ہم سب ملکر اس پر کام کر رہے ہیں،سابق جنوبی افریقی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 14 جنوری 2020 16:33

اے بی ڈویلیئرز کا ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے لیے واپسی کا اشارہ
برسبین (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14جنوری 2020ء ) جنوبی افریقہ کے سابق کپتان و مایہ ناز بلے باز اے بی ڈویلیئرز نے رواں سال ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں واپسی کا عندیہ دے دیا۔35 سالہ بلے باز نے آج آسٹریلیا میں جاری بگ بیش لیگ میں برسبین ہیٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 40 رنز کی عمدہ اننگز سے فتح دلائی۔بعد ازاں ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں واپسی کے خواب کو حقیقت میں تبدیل کرنے کے لئے بہت کچھ چل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پروٹیز ٹیم کی نئی انتظامیہ جن میں ڈائریکٹر گریم سمتھ، کوچ مارک باؤچر اور کپتان فاف ڈو پلسی سے رابطے میں ہوں اور ہم سب مل کر اس پر کام کر رہے ہیں۔انکا کہنا تھا کہ میں خود کو اور اپنے مداحوں کو مایوس نہیں کرنا چاہتا، ابھی میری ساری توجہ اچھی کرکٹ کھیلنے کی جانب گامزن ہے۔

(جاری ہے)

بورڈ میں نئی انتظامیہ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ان میں سے اکثر لوگوں کے ساتھ میں نے کئی سال کرکٹ کھیلی ہے اس لیے ان کے ساتھ رابطے میں مجھے کسی دشواری کا سامنا نہیں ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈو پلسی نے تصدیق کی کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ٹیم انتظامیہ سابق کپتان و مایہ ناز بلے باز اے بی ڈویلیئرز سے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لئے ٹیم میں واپسی سے متعلق بات چیت کر رہی ہے۔اس سے قبل پروٹیز کے نومنتخب کوچ مارک بوچر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ سابق کپتان سے ٹیم میں واپسی کے لئے بات کریںگے۔

جنوبی افریقی کپتان کا کہنا تھا کہ شائقین کے ساتھ ساتھ میں بھی چاہتا ہوں کہ اے بی ٹیم میں واپس آئیں، اور ٹیم انتظامیہ اس سلسلے میں گزشتہ 3ماہ سےان سے رابطے میں ہے۔یاد رہے گزشتہ سال جارح مزاج بلے باز اے بی ڈیویلئیرز نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔واضح رہے عالمی کپ سے قبل جنوبی افریقہ کے سابق کوچ نے دعوی کیا تھا کہ انہوں نے اے بی ڈی ویلیئرز سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لینے کی التجا کی تھی۔

انکا کہنا تھا کہ یہ تاثر قائم ہوگیا تھا کہ اے بی اپنی مرضی کے مطابق ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی کرکٹ کھیلنے کو ترجیح دیتے تھے جب کہ اس بات میں حقیقت نہیں تھی، میں نے خود اے بی کو یہ اختیار دیا تھا کہ وہ اپنے آپ کو ورلڈ کپ 2019ء کے لئے تیار کریں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اے بی پر یہ بات واضح کر دی تھی کہ وہ عالمی کپ سے قبل پاکستان اور سری لنکا کے مابین سیریز کھیلیں گے مگر انہوں نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اور بنگلہ دیش کی لیگ کھیلنے کو ترجیح دی۔ایک رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ کو انتظامیہ کی جانب سے بتا دیا گیا تھا کہ چونکہ اے بی ڈی ویلیئرز 12 ماہ میں کوئی بین الاقوامی اور مقامی کرکٹ نہیں کھیلے اس لئے انہیں منتخب نہ کیا جائے۔
وقت اشاعت : 14/01/2020 - 16:33:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :