انڈر 19 ورلڈکپ: پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو شکست دے دی

فاسٹ باولر محمد وسیم جونیئر کے 5شکار

پیر 20 جنوری 2020 21:35

پوچیف اسٹروم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2020ء) جنوبی افریقہ میں جاری آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے فاتحانہ آغاز کیا ہے۔ فاسٹ باولر محمد وسیم جونیئر کی نپی تلی باولنگ کی بدولت پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو 7 وکٹوں کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔ اسکاٹ لینڈ کی ٹیم 23.5 اوورز میں 75 رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔

قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے مطلوبہ ہدف 11.4اوورزمیں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔پوچیف اسٹروم میں کھیلے گئے میچ میں اسکاٹ لینڈ انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا مگر، قومی انڈر19 کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باولرز کی عمدہ باولنگ کی بدولت، پوری ٹیم 24ویں اوور میں صرف 75 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے فاسٹ باولر محمد وسیم جونیئر نے 7.5اوورز میں 12 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

(جاری ہے)

بائیں ہاتھ کے فاسٹ باولر طاہر حسین نے 3 اور عباس آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔اسکاٹ لینڈ انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے محض 2 بلے باز ہی ڈبل فگرز میں داخل ہوسکے۔ حریف ٹیم کی جانب سے عزیرشاہ 20 رنز بناکر ٹاپ اسکور ر رہے۔مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا آغاز بھی متاثر کن نہ تھا۔ صرف 4 اسکور پر دونوں اوپنرز کے آوٹ ہونے کے بعد عرفان خان اور کپتان روحیل نذیر نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 41 رنز کی شراکت قائم کی۔

عرفان خان 37 رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے جبکہ روحیل نذیر نے 27 رنز کی اننگز کھیلی۔قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے مطلوبہ ہدف 12ویں اوور میں حاصل کرلیا۔حریف ٹیم کی جانب سے لائم نیلر، چارلی پیٹ اور قیس سجاد نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم ایونٹ میں اپنا دوسرا گروپ میچ 22 جنوری کو زمباوے کے خلاف کھیلی گی۔
وقت اشاعت : 20/01/2020 - 21:35:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :