ٹی ٹونٹی رینکنگ، بابر بدستورنمبرون ،کوہلی کی 10ویں پوزیشن پر تنزلی

این مورگن نے بھارتی کپتان کو پیچھے دھکیل کر 9ویں پوزیشن پر قبضہ جمالیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 18 فروری 2020 11:57

ٹی ٹونٹی رینکنگ، بابر بدستورنمبرون ،کوہلی کی 10ویں پوزیشن پر تنزلی
دبئی(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18فروری 2020ء ) آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پاکستان کے بابر اعظم کی سرفہرست پوزیشن بدستور برقرار ہے تاہم انگلش کپتان این مورگن نے دس بہترین بیٹسمینوں اور جنوبی افریقی سپنر تبریز شمسی نے ٹاپ ٹین بالرز میں شمولیت ممکن بنا لی۔جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد آئی سی سی نے مختصر فارمیٹ کی تازہ ترین درجہ بندی جاری کردی جس میں پاکستان کے بابراعظم،بھارت کے لوکیش راہول اور آسٹریلین کپتان ایرون فنچ ابتدائی تین پوزیشنوں پر فائز ہیں۔

ناگلش کپتان این مورگن نے دو نصف سنچریوں سمیت 136 رنز بنا کر بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور انکے ڈپٹی روہیت شرما کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 9ویں پوزیشن پر قبضہ جما لیا جب کہ انکے پروٹیز ہم منصب کوئنٹن ڈی کوک دس درجے بہتری کے بعد 16 ویں نمبر پر جا پہنچے ۔

(جاری ہے)

جنوبی افریقہ کے ٹیمبا بفوما نے 127 درجے لمبی چھلانگ لگا کر 52 ویں پوزیشن سنبھالی جبکہ انگلینڈ کے جانی بیئرسٹو 23 ویں اور جنوبی افریقہ کے ریسی فان ڈیر ڈوسین بھی کیریئر بیسٹ 37 ویں نمبر پر براجمان ہوئے ۔

اگرچہ ڈیوڈ مالان کی ایک درجہ تنزلی ہوئی لیکن وہ چھٹے نمبر پر بہترین رینکنگ کے مالک انگلش بیٹسمین ہیں۔بالنگ کے شعبے میں افغانستان کے راشد خان کی ٹاپ پوزیشن برقرار ہے لیکن جنوبی افریقہ کے بائیں ہاتھ کے سپنر تبریز شمسی نے 9 درجے بہتری کے ساتھ ٹاپ ٹین میں آٹھویں پوزیشن پر قبضہ جما لیا جبکہ انگلش لیگ اسپنر عادل رشید نے اینڈائیل پھیلوکوایو کی چھٹی پوزیشن چھین لی۔

انگلینڈ کے ٹام کرن بھی 28 درجے ترقی پا کر ٹاپ 30 میں شامل ہوئے ۔آل راؤنڈرز کی فہرست میں افغانستان کے محمد نبی سرفہرست ہیں جہاں 39 درجے بہتری کے بعد جنوبی افریقہ کے ڈوین پریٹوریس نے 46 ویں پوزیشن حاصل کی جبکہ انگلینڈ کے بین اسٹوکس کیریئر بیسٹ 30 ویں نمبر پر براجمان ہو گئے ۔انگلینڈ نے پروٹیز کیخلاف سیریز جیت کر ٹیم رینکنگ میں تیسری پوزیشن قائم رکھی تاہم وہ دوسری پوزیشن پر موجود آسٹریلیا سے دو پوائنٹس اور ٹاپ ٹیم پاکستان سے تین پوائنٹس کے فاصلے پر ہے۔
وقت اشاعت : 18/02/2020 - 11:57:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :