میڈیا کی بھرپور کوریج سے کبڈی ورلڈ کپ 2020ء کامیاب رہا، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ

سجال نے کبڈی ورلڈ کپ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا جس سے دنیا کو پیغام گیا کہ پاکستان پرامن ملک ہے اور پاکستانی سپورٹس سے محبت کرتے ہیں

بدھ 19 فروری 2020 20:13

میڈیا کی بھرپور کوریج سے کبڈی ورلڈ کپ 2020ء کامیاب رہا، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2020ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف لاہور (سجال)کے دفتر کا دورہ کیا ، اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان اور ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی بھی ساتھ تھے ،سجال کے صدر عقیل احمدنے ان کا استقبال کیا اور خوش آمدید کہا، اس موقع پر سیکرٹری سجال اشرف چودھری، محمدیعقوب،سید علی ہاشمی،سہیل عمران، اعجاز شیخ، حافظ شہباز، شہباز او ر شہزاد بھی موجود تھے،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے سجال کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سجال نے کبڈی ورلڈ کپ 2020ء کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے، میڈیا نے کبڈی ورلڈکپ 2020ء کی بھرپور کوریج کی جس سے ایونٹ بہت کامیاب رہا ، عوام نے پرجوش شرکت کی اور سٹیڈیم میں آکر میچز دیکھے، انہوں نے مزید کہا کہ کبڈی ورلڈ کپ 2020ء کے انعقاد سے پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے اور دنیا کو مثبت پیغام گیا ہے کہ پاکستان پرامن ملک ہے اور پاکستان کے عوام سپورٹس سے محبت کرتے ہیں، میڈیا کی بھرپور کوریج سے عوام کو آگاہی ہوئی اور ریکارڈ تعداد میں لوگ فائنل دیکھنے کے لئے پنجاب سٹیڈیم پہنچے ، کبڈی ورلڈ کپ 2020ء کے لئے تعاون پر سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف لاہور (سجال)کا شکریہ اداکرنے کے لئے خود چل کر آیا ہوں، سپورٹس بورڈ پنجاب اور سجال مستقبل میں بھی سپورٹس کے فروغ کے لئے مل کر کام کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ، ہیڈ کوچ خواجہ جنید اور قومی ٹیم کے فزیو ڈاکٹر اسد عباس بھی سجال کے آفس آگئے اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ سے ملاقات کی،ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کا کہنا تھا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب ہاکی کے فروغ کے لئے بھی ہر طرح سے تعاون کرنے کو تیار ہے ہاکی ہمارا قومی کھیل اور ہماری پہچان ہے جس کو دوبارہ عروج تک پہنچانے کے لئے ہر قسم کے تعاون پر تیار ہیں۔
وقت اشاعت : 19/02/2020 - 20:13:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :